Daily Mashriq

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت سرکاری جائیدادوں سے متعلق اجلاس

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت سرکاری جائیدادوں سے متعلق اجلاس

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سالہا سال سے غیر استعمال شدہ اربوں کی جائیدادوں کو مثبت طریقے سے بروئےکار لانا اور ان سے حاصل ہونے والی آمدنی کو عوام کی فلاح و بہبود اور سکولوں، کالجوں، ہسپتالوں جیسی بنیادی سہولتوں کی بہتری کے لئے استعمال کرنا موجودہ حکومت کی پالیسی کا اہم جز وہے۔ اسلام آباد میں مختلف وزراتوں اور وفاقی حکومت کے اداروں کی غیر استعمال شدہ املاک کو مثبت طور سے بروئے کار لانے سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ اربوں کی جائیدادوں کے باوجود وفاقی حکومت کے مختلف ادارے اربوں روپے کا سالانہ خسارہ اٹھا رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ماضی میں ان بیش قیمت جائیدادوں کو استعمال میں نہ لاکر مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ غیر استعمال شدہ املاک کی نشاندہی نہ کرنے والے یا ان کو مثبت طریقے سے بروئےکار لانے میں رکاوٹ پیدا کرنے والے سرکاری افسران و ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وزیرِ اعظم نے ایسٹ منیجمنٹ کمیٹی ، متعلقہ وفاقی وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ نشاندہی کی جانے والی املاک سے متعلقہ تمام امور کو آئندہ ایک ہفتے میں حل کیا جائے تاکہ ان املاک کو مثبت طریقے سے بروئےکار لانے کے فیصلے پر عمل درآمد مکمل کیا جا سکے۔

سیکرٹری نجکاری رضوان ملک نے مختلف وزارتوں اور وفاقی حکومت کے محکموں کے اداروں کی متعدد املاک کو مثبت طریقے سے بروئے کار لانے اور ان کی ممکنہ نجکاری کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کی جانب سے فروری اور مارچ میں کئےجانے والے فیصلوں کی روشنی میں ہر وزارت کو کم از کم تین املاک کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں مختلف وزارتوں کی جانب سے اب تک بتیس املاک کی نشاندہی کی گئی ہے۔ نشاندہی کی جانے والی املاک کا تخمینہ لگانے کے لئے اور ان جائیدادوں کے حوالے سے مستقبل کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دینے کے لئے فنانشل ایڈوائزر کی خدمات اکتوبر کے آخر میں حاصل کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان املاک کی مارکیٹنگ دبئی ایکسپو میں کی جائے گی تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور سرمایہ کاروں کی توجہ ان بیش بہا اثاثوں کی جانب مبذول کرائی جا سکے۔

متعلقہ خبریں