Daily Mashriq


ڈیرہ میں امن وامان کی ابتر صورتحال

ڈیرہ میں امن وامان کی ابتر صورتحال

ڈیرہ اسماعیل خان میں پینتالیس منٹ کے وقفے میں دو افراد کا قتل خوف وہراس کی فضا پیدا کرنے اور فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کی تازہ سعی ہے۔ قبل ازیں بھی اس سے مماثل واقعات پیش آتے رہے ہیں ایسے مواقع پر اکثر اسے فرقہ واریت کی سازش قرار دے کر ساری توجہ اس کے ذمہ دار عناصر اور پس پردہ ہاتھوں کی مذمت ہی ہوتی ہے جو اپنی جگہ درست ہے لیکن ہر بار اس طرح کے واقعات کی روک تھام میں پولیس کی ناکامی پر کم ہی توجہ دی جاتی ہے۔ کیا ایک ہی دن پیش آمدہ ان دو واقعات سے یہ امر سامنے نہیں آتا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس کی کارکردگی قابل غور ہے۔ اس طرح کے واقعات کی روک تھام میں ناکامی اور پیشگی حفاظتی اقدامات نہ کرنا اپنی جگہ لیکن اس قسم کے واقعات میں اضافے کی بڑی وجہ خود پولیس کی وہ ناکامی ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کے چہرے تو صاف دکھائی دیتے ہیں لیکن ان کو ڈھونڈ کر کٹہرے میں لا کھڑا کرنے میں پولیس کی کامیابی نہ ہونے کے برابر ہے جب تک ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس کی کارکردگی کا یہ عالم رہے گا اس وقت تک اس حساس شہر میں اس قسم کی مذموم سرگرمیوں کی روک تھام کی توقع عبث ہوگا۔

متعلقہ خبریں