Daily Mashriq

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بھی پاکستان پر شکست کے بادل منڈلانے لگے

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بھی پاکستان پر شکست کے بادل منڈلانے لگے

نیو لینڈز: کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوسرے روز جنوبی افریقا نے پہلی اننگز میں 382 رنز بنا لیے ہیں اور میزبان ٹیم کی پاکستان پر برتری 205 رنز ہو گئی ہے۔

میزبان ٹیم نے آج اپنی نا مکمل اننگز 123 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ سے آگے بڑھائی تو 26 رنز کے اضافے کے ساتھ ہاشم آملہ اور بریون پویلین لوٹ گئے، دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد کپتان ڈوپلیسی اور باووما نے 156 رنز کی اہم شراکت داری قائم کرکے بڑے اسکور کی بنیاد رکھی، باووما 75 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

پروٹیز کپتان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری بنائی اور ڈی کوک کے ساتھ مل کر 51 رنز کی پارٹنرشپ جوڑی، ڈوپلیسی 103 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے، انہیں بھی شاہین آفریدی نے آؤٹ کیا۔

 آج جب کھیل ختم ہوا تو ڈی کوک 55 اور فلینڈر نے 6 رنز بنا لیے تھے، پورے دن کے کھیل میں قومی بولرز صرف 4 وکٹیں حاصل کرسکے۔

گزشتہ روز پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں صرف 177 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، سرفراز احمد 56 اور شان مسعود 44 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے تھے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے اولیویئر نے 4، اسٹین 3، رباڈا نے 2 اور فلینڈر نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

واضح رہے جنوبی افریقا کو پاکستان کے خلاف 3 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔

متعلقہ خبریں