Daily Mashriq


پاکستان اور ترکی کا افغان مسئلے کے پرامن حل کیلئے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کا عزم

پاکستان اور ترکی کا افغان مسئلے کے پرامن حل کیلئے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کا عزم

ویب ڈیسک: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ترک ہم منصب سے ملاقات کی ہے جس میں افغانستان کے مسئلے کے پر امن حل کے لئے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

پاکستان اور ترکی کے درمیان انقرہ میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔

پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کی جب کہ ترک وفد کی قیادت وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو نے کی۔

مذاکرات میں پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور تجارت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس کے علاوہ دونوں ممالک کے دفود کے درمیان سرمایہ کاری کے فروغ سمیت دیگر اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان اور ترکی نے افغان مسئلے کے جلد پُرامن حل کیلئے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کا کردار مرکزی اہمیت کا حامل ہے۔

میولوت چاوش اولو کا کہنا تھا کہ ترکی افغان امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں کا معترف ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان،کشمیر سمیت اہم امور پر پاکستان اور ترکی کے مؤقف میں یکسانیت خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات حکومتوں تک محدود نہیں ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہماری محبت کے پیچھے ثقافت، مذہب اور عوام کی محبت کارفرما ہے۔

متعلقہ خبریں