Daily Mashriq

انسانیت کی خدمت میں ہلال احمر نہایت اہم کردار ادا کررہی ہے ،گورنر

انسانیت کی خدمت میں ہلال احمر نہایت اہم کردار ادا کررہی ہے ،گورنر

پشاور( مشرق نیوز) گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کہاہے کہ انسانیت کی خدمت میں پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی خیبرپختونخوا نہایت اہم کردار ادا کررہی ہے جوکہ صوبہ میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے متاثرین اور نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کی امداد میں واضح نظر آیا۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز گورنرہاؤس پشاور میں پاکستان انجمن ہلال احمر خیبرپختونخواکی36 ویں سالانہ جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کے دوران کی۔ اجلاس میں مینجمنٹ کمیٹی کے اراکین کے علاوہ چیئرمین پاکستان انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا لیفٹیننٹ جنرل(ر) حامدخان اورجنرل باڈی کے اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔گورنرخیبرپختونخوا نے اس موقع پرانجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل(ر) حامدخان کو بطور چیئرمین سال 2020 سے2022 تک جاری رکھنے کی منظوری دی جبکہ گورنر خیبرپختونخوا نے انجمن کے 3 نئے اراکین کی نامزدگی اور ادارے کیلئے آڈیٹر کی بھی منظوری دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنرشاہ فرمان کا کہناتھاکہ انجمن ہلال احمر نے قدرتی آفات اورہرمشکل گھڑی میں عوام کی بے مثال خدمت کی ہے ۔ بلاشبہ مذکورہ ادارے کی کارکردگی انتہائی قابل ستائش رہی ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ اس کی صلاحیت کار کو دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق مزید تقویت دینے کیلئے مجموعی کوششیں کی جائیں اور اس ضمن میں گورنرہا6س کا تعاون ہمیشہ ادارے کے ساتھ رہے گا۔ قبل ازیں انجمن ہلال احمرخیبرپختونخوا کے چیئرمین نے گورنرکو ادارے کی کارکردگی کے حوالے سے آگاہ کیا۔

متعلقہ خبریں