Daily Mashriq


آپریشن ردالفساد جاری ,درجنوں افراد گرفتار، بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد

آپریشن ردالفساد جاری ,درجنوں افراد گرفتار، بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد

ویب ڈیسک:ملک بھر میں آپریشن ردالفساد جاری ہے، سیکیورٹی فورسز نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد دہشت گردوں اور مشکوک افراد کو گرفتار کرکے بڑی  تعداد میں اسلحہ اور بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے چپے چپے میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے، بلوچستان میں کاہان کے علاقے چوٹھ کیمپ میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرکے گولہ بارود برآمد کرلیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحے میں چوبیس دستی بم چھوٹی مشین گن کی  ہزاروں گولیاں، بارہ اعشاریہ سات ایم ایم گن کے سینکڑوں تریپن راؤنڈز شامل ہیں۔

دوسری جانب کوہلو کے علاقے نیساؤ میں ایف سی اور حساس اداروں نے کارروائی کرکے زیر زمین چھپائے گئے چھیانوے مارٹر گولے برامد کرلئے۔

سوات پولیس نے آپریشن کے دوران دو روپوش دہشت گردوں سمیت پندرہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان اسلم اور علی اکبر دھماکوں اور فورسز پر حملوں کی متعدد کارروائیوں میں مطلوب تھے۔

چنیوٹ میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرکے مبینہ دہشت گرد احمد رضا مسعود کو گرفتار کرلیا۔ ملزم کے قبضے سے دھماکا خیز مواد، خود کش جیکٹ اور اسلحہ برامد ہوا ہے۔

سکھر میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے کارروائیاں کرکے ایک ہفتے کے دوران کالعدم تنظیم کے تین دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ جبکہ سی ٹی ڈی نے ہی پشاور میں کارروائی کرتے ہوئے دو بھتہ خوروں کو بڈھ بیر کے علاقے سے گرفتار کر لیا جو کالعدم تنظیم کا نام لیکر بھتہ وصول کرتے تھے۔

متعلقہ خبریں