Daily Mashriq


دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی قربانیوں اورکامیابیوں کو دنیا کو تسلیم کرنا چاہیے،وزیراعظم

دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی قربانیوں اورکامیابیوں کو دنیا کو تسلیم کرنا چاہیے،وزیراعظم

ویب ڈیسک:پاکستان سے زیادہ پر امن افغانستان کا خواہاں اور کوئی نہیں ہوسکتا،وزیراعظم شاہدخاقان عباسی

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بین الاقوامی انسداد دہشت گردی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف بھاری قیمت ادا کی، معاشی نقصانات بھی اٹھائے، دہشتگردی کی جنگ میں بینظیرجیسی سیاستدان سمیت قیمتی جانیں گنوائیں۔ انہوں نے کہا سانحہ اے پی ایس سے دہشتگردی کے خلاف جنگ نے نیا رخ اختیار کیا، کوئی ایسا ملک نہیں جس نے اپنے وسائل سے دہشتگردی کیخلاف جنگ لڑی، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں متحد رہے اور قومی لائحہ عمل اختیار کیا۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا بے پناہ قربانیوں کے باعث آج پاکستان محفوظ ملک ہے، ہم نے اپنی سر زمین پر دہشتگردوں کو شکست دی جسے دنیا تسلیم کرے۔ انہوں نے کہا دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ ہم نے اپنی سرزمین پر لڑی، 2 لاکھ سے زائد فوج نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں حصہ لیا، معیشت ٹریک پر آگئی ہے اور سی پیک شروع ہوچکا ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا ایسا کوئی ملک نہیں جس نے اکیلے دہشتگردی کیخلاف عالمی جنگ لڑی، فوج، سیاسی جماعتوں اور عوام کی قربانیوں سے امن قائم ہوا، پاکستان نے چیلنجز کے باوجود بے مثال ترقی کی۔ انہوں نے کہا افغانستان کے مسئلے کا حل جنگ نہیں بلکہ مذاکرات ہیں، قندوز جیسے واقعات شدت پسندی اور بنیاد پرستی کا سبب بنتے ہیں، پر امن افغانستان کا خواہاں پاکستان سے زیادہ کوئی نہیں ہے۔

متعلقہ خبریں