Daily Mashriq

پاکستان میں دنیاکاایک انتہائی مضبوط معاشی ملک بننےکی صلاحیت ہے:صدر

پاکستان میں دنیاکاایک انتہائی مضبوط معاشی ملک بننےکی صلاحیت ہے:صدر

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں دنیا کا ایک انتہائی مضبوط معاشی ملک بننے کی صلاحیت ہے ۔

 آج اسلام آباد میں Islamabad Capital Territory Skill Competition کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ نئے پاکستان کے تصور کو معلومات کے اس نئے دور میں میسر شاندار مواقع کو بروئے کار لاتے ہوئے نیا پاکستان کے تصور کوحقیقت میں بدلا جاسکتا ہے ۔

 تاہم صدر نے جامعات اور تعلیمی اداروں پر زور دیتے ہوئےکہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ وہ عصر حاضر کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے نوجوانوں کو تربیت اور تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ اس سے ہمارے نوجوانوں کو روزگار کےمواقعے ملیں گے اور وہ اپنے خوابوں کو حقیقت کا روپ دے سکیں گے۔

  صدر نے کہا کہ ہماری خواتین کو بھی زندگی کے تمام شعبوں میں یکساں مواقع مل رہے ہیں۔

 صدرڈ اکٹر عارف علوی نے کہا کہ مصنوعی ذہانت فیصلہ سازی میں بطور ہتھیار استعمال ہورہی ہے ۔

 انہوں نے کہا کہ ترقی کے اہداف کے حصول کےلئے ہمیں مخصوص شعبوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی بھی ضرورت ہے ۔

اس موقع پر اپنے تاثرات میں وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ چین پاکستان میں تعلیم کے شعبے سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور تعاون فراہم کررہا ہے ۔

 انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی نے طلبا کےلئے تعلیمی نظام کو مزید آسان بنادیا ہے ۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم ہنر مند افرادی قوت تیار کرنے کے لئے تعلیم اورہنرمندی کو مستقبل کی ٹیکنالوجیز سے بھی ہم آہنگ کررہے ہیں۔

  پاکستان کےلئے چین کے سفیر یاوجنگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کے ملک نے انسانی وسائل کی ترقی سمیت پاکستان میں سماجی شعبے کے فروغ پر توجہ مرکوز کررکھی ہے ۔

 انہوں نے تعلیمی شعبے میں بہتری لانے کےلئے پاکستان کی طرف سے کئے گئے اقدامات کو بھی سراہا۔

 اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے چیئرمین طارق بنوری نے کہا کہ حکومت مختلف شعبوں میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کےلئے وسائل کی فراہمی کے حوالے سے پرعزم ہے ۔

 انہوں نے کہا کہ ہم آئی ٹی کے شعبے میں باصلاحیت افرادی قوت کی تلاش کے پیش نظر مختلف مقابلے میں منعقد کررہے ہیں۔

متعلقہ خبریں