Daily Mashriq

قومی سلامتی کمیٹی کابھارت پرمسئلہ کشمیرکوحل کرنے پر زور

قومی سلامتی کمیٹی کابھارت پرمسئلہ کشمیرکوحل کرنے پر زور

قومی سلامتی کمیٹی نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس بات کااعادہ کیاہے کہ پاکستان پڑوسی ملک کی کسی مہم جوئی یاجارحیت کے خلاف اپنے دفاع کیلئے تیار ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بھارت کی کسی بھی مہم جوئی یاجارحیت کاقوم کی مکمل حمایت سے منہ توڑ جواب دینے کے پاکستان کے عزم کااعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا رہے گا اور مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اورکشمیریوں کی امنگوں کے مطابق منصفانہ حل کے موقف سے ہرگز دستبردار نہیں ہوگا ۔وزیراعظم نے عالمی رہنمائوں اور بین الاقوامی تنظیموں کی توجہ بھارتی قیادت کے یکطرفہ، غیرذمہ دارانہ اور غیردانشمندانہ طرز عمل کی طرف مبذول کرائی۔اجلاس میں کہاگیاکہ بھارتی کارروائیوں سے مقبوضہ کشمیراورکنٹرول لائن کی صورتحال تیزی سے خراب ہورہی ہے۔اجلاس میں بھارت کے مشتبہ اقدامات کے ذریعے عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں پر تشویش ظاہر کی گئی۔ قومی سلامتی کمیٹی نے کہاکہ مقبوضہ وادی کی نہتی آبادی کے خلاف بھارتی فوجیوں کی تعداد میں حالیہ اضافہ اورطاقت کاوحشیانہ استعمال آگ کو ہوادینے کے مترادف ہے۔ قومی سلامتی کمیٹی نے ایسے وقت میں جب پاکستان اورعالمی برادری کی توجہ افغان تنازع کے حل پر مرکوز ہے،بھارتی حکمت عملی کی شدیدمذمت کی۔اجلاس میں عزم ظاہر کیاگیاکہ پاکستان مقبوضہ جموں وکشمیرکے عوام کی حق خودارادیت کے حصول کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ جدوجہدکی ہرممکن سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ کمیٹی نے اس بات کااعادہ کیاکہ کشمیر دیرینہ بین الاقوامی تنازع ہے جسے پرامن طورپرحل کرنے کی ضرورت ہے۔ کمیٹی نے بھارت پرزوردیاکہ وہ کشمیرکے مسئلے کوکشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرانے کے لئے اقدامات کرے۔

متعلقہ خبریں