Daily Mashriq


لوٹی ہوئی دولت واپس لائیں گے، بدعنوانی عناصر کیخلاف زمین تنگ کر دیں گے ،چیہئرمین نیب

لوٹی ہوئی دولت واپس لائیں گے، بدعنوانی عناصر کیخلاف زمین تنگ کر دیں گے ،چیہئرمین نیب

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں سیمینار سے خطاب میں کہنا تھا کہ کئی لوگ دیکھتے ہی دیکھتے دبئی میں پلازوں کے مالک بن گئے، دیکھنا ہو گا ان کے پاس پیسہ کہاں سے آیا اور ماضی میں اور اب کس طرح قومی خزانہ کو لوٹا گیا، بدعنوان عناصر کے لیے زمین تنگ کر دی جائے گی۔

جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، بدعنوانی سے لوٹی رقم اور منی لانڈرنگ سے بیرون ممالک بھجوائی گئی رقوم کو دنیا کے کونے کونے سے واپس لایا جائے گا۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ اس وقت نیب کے خلاف ایک جارحانہ اور منظم مہم چلائی جا رہی ہے۔

جس کا مقصد لوگوں میں مایوسی پیدا کرنا ہے لیکن یقین دلاتا ہوں کوئی ڈر، کوئی خوف، کوئی لالچ اور کوئی دھمکی نیب کے آڑے نہیں آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ قانون سے کوئی بالاتر نہیں ہے، نیب کا کسی گروپ سے، کسی سیاست سے، کسی سیاستدان سے اور کسی حکومت سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب ملک میں صرف آئین اور قانون کی حکمرانی ہو گی، بدعنوانی کا واحد علاج خود احتسابی ہے، بدعنوانی میں کمی سے ہی کرپشن فری پاکستان کا خواب پورا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نیب نے ان لوگوں پر ہاتھ ڈالا جن کے خلاف کارروائی کا کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا تھا، ملک میں بدعنوانی دیمک سے بڑھ کر ناسور بن چکی ہے، بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے سرجری کرنا ہوگی۔

متعلقہ خبریں