Daily Mashriq


پشاورہائی کورٹ کا وفاقی وزیردفاع پرویز خٹک کو ذاتی طور پر پیش ہونے کا حکم

پشاورہائی کورٹ کا وفاقی وزیردفاع پرویز خٹک کو ذاتی طور پر پیش ہونے کا حکم

ویب ڈیسک:پشاور ہائی کورٹ نے عدالتی حکم امتناع کے باوجود بوٹینکل گارڈن نوشہرہ کی اراضی نجی یونیورسٹی کے حوالے کرنے پر وزیردفاع پرویز خٹک کو ذاتی طور پر پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

پشاورہائی کورٹ کے جسٹس قیصر رشید اور جسٹس محمدایوب خان پرمشتمل دورکنی بنچ نے قبضہ کیس کی سماعت کی۔

اس موقع پر عدالت کو بتایاگیاکہ خیبرپختونخواکے ضلع نوشہرہ میں واقع بوٹینکل گارڈن کے لئے مختص600 کنال اراضی ننانوے سالہ لیز پر پشاور یونیورسٹی کو دی گئی تاہم گزشتہ دورحکومت میں ضلع نوشہرہ کی انتظامیہ نے مذکورہ اراضی کا لیزمنسوخ کرکے یہ اراضی نجی یونیورسٹی کو لیز پر دی، پشاور ہائی کورٹ نے یونیورسٹی کی رٹ پرحکم امتناعی جاری کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نوشہرہ کو اراضی کا قبضہ نجی یونیورسٹی کے حوالے کرنے سے روک دیا تھا اس کے باوجود آدھی اراضی کاقبضہ نجی یونیورسٹی کے حوالے کردیا گیا ۔ 

فاضل بنچ نے برہمی کااظہارکرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ وزیراعلی بن جانے کا یہ مطلب نہیں کہ وہ قبضہ مافیا بن جائیں، سابق وزیراعلی پرویزخٹک نجی یونیورسٹی کے ساتھ اتنی ہمدردی رکھتے ہیں تو وہ اپنی ذاتی جائیداد سے اراضی نجی یونیورسٹی کو دے دیں ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔

فاضل بنچ نے بعد ازاں وزیر دفاع پرویز خٹک کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کرتے ہوئے عدالت میں طلب کر لیا۔

متعلقہ خبریں