Daily Mashriq


پاکستان اور بھارت کے درمیان دشمنی کی اصل وجہ کشمیر ہے،خواجہ آصف

پاکستان اور بھارت کے درمیان دشمنی کی اصل وجہ کشمیر ہے،خواجہ آصف

ویب ڈیسک:وزیر خارجہ خواجہ آصف کاکہنا ہے کہ پاک بھارت دشمنی کی وجہ صرف کشمیر ہے جس سے دستبردار نہیں ہوسکتے۔

سیالکوٹ میں میڈیا سے بات چیت کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ دنیا بھر میں جدوجہد کشمیر کو آزادی کی تحریک تسلیم کیا جارہا ہے لیکن بھارت اپنی ہٹ دھرمی پر قائم ہے، 8 لاکھ بھارتی فوج کشمیر کی تحریک کو کچلنے میں مصروف ہے ، تمام تر ظلم کے باوجود بھارت اس تحریک کو ختم نہیں کرسکتا۔ کشمیری بھارت کے یوم جمہوریہ پر پاکستانی پرچم کو سلام کرتے ہیں، آج کشمیری پاکستان کے پرچم میں لپٹ کر دفن ہوتے ہیں، کوئی یہ گمان بھی نہ کرے کہ ہم کشمیریوں کو تنہا چھوڑیں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ نئی دہلی کے دہشت گرد حکمرانوں نے سمجھوتہ ایکسپریس کو جلایا اور گجرات میں مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلی، پاک بھارت دشمنی کی وجہ صرف کشمیر ہے جس سے دستبردار نہیں ہوسکتے ، بھارت لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور افغان سرحد پر دہشت گردی میں  ملوث ہے، بھارت اپنی پیدا کردہ دہشت گردی میں ہمیں مصروف رکھ کر جدوجہد کشمیر سے دور رکھنا چاہتا ہے، پاکستان کے گلی کوچوں میں دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے، 2 دن پہلے سوات میں ہمارے جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ کشمیر کی جدوجہد کو برہان وانی کے خون سے نیا جذبہ ملا ہے، گزشتہ دو سال سے آزادی کی تحریک بڑھی ہے اور اس کے اثرات یہاں بھی دکھائی  دیئے ہیں، پہلے کی نسبت یوم یکجہتی کشمیر  اوربھی زیادہ جوش و جزبے سے منایا جا رہاہے۔

متعلقہ خبریں