Daily Mashriq

پیٹرولنگ طیارے، یو اے وی سے نیوی کے فضائی بازو کو مزید قوت ملے گی، نیول چیف

پیٹرولنگ طیارے، یو اے وی سے نیوی کے فضائی بازو کو مزید قوت ملے گی، نیول چیف

کراچی: اسلحہ اور سینسز سے لیس اے ٹی آر ایئر کرافٹ کو پاکستان نیوی کے بیڑے میں شامل کرنے سے پاکستان نیوی کے فضائی بازو کی آپریشنل صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔

یہ بات پاکستان نیوی کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے میری ٹائم پیٹرول ایئرکرافٹ (ایم پی اے) اور یو اے وی کو پاکستان نیوی کے بیڑے میں شامل کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

  رپورٹ کے مطابق تقریب کے مہمان خصوصی ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان نیوی کا کردار سمندری حدود کا تحفظ کرنا اور سمندر میں مواصلات کے نظام کی حفاظت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک اور اے ٹی آر کے بیڑے میں شامل کیے جانے سے اسپیشل فورسز کے آپریشنز میں مزید بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ لونا این جی یو اے کی فضائی بازو کے بیڑے میں شمولیت سے پاکستان نیوی کی میری ٹائم میں انٹیلی جنس، نگرانی اور جاسوسی کی صلاحیتوں میں ہوگا۔

انہوں نے نو شامل کیے گئے اے ٹی آر اور یو اے وی کے عملے سے ان کا بہتر استعمال کرتے ہوئے پاکستان نیوی کی جنگی صلاحیتوں میں موثر کارکردگی دکھانے کا کہا۔

پلوامہ حملے کے بعد پاکستان نیوی کے ایئرکرافٹ کی جانب سے بھارتی سب میرین کا کھوج لگانے کو سراہتے ہوئے ایڈمرل کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ پاکستان نیوی کے فضائی بازو نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوالیا ہے اور قوم کو فخر سے سر بلند کیا ہے۔

انہوں نے اس حوصلے کو برقرار رکھنے اور کسی بھی صورتحال میں اس کا دوبارہ مظاہرہ کرنے کی بھی ہدایت دی۔

اس تقریب میں اعلیٰ رینک کے افسران، پاکستان نیوی کے حاضر و ریٹائرڈ ہواباز اور دیگر سرکاری افسران شریک تھے۔

متعلقہ خبریں