Daily Mashriq

ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے

ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے

ملک بھر میں آج عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے، اس سلسلے مساجد، عید گاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد کیے گئے۔

نماز عید کے اجتماعات میں پاکستان کی ترقی، سلامتی و خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کی خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

کراچی میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع پولو گراؤنڈ (باغ جناح) جس میں گورنر سندھ عمران اسمٰعیل، میئر کراچی وسیم اختر ، ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی، عامر خان، دیگر جماعتوں کے قائدین اور غیر ملکی سفارتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر پولو گراؤنڈ میں سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیےگئے ، کراچی کے مختلف علاقوں کے میدانوں اور مساجد میں نماز عید کے بڑے اجتماعات ہوئے، شہر قائد کی مشہور گرومندر سبیل والی مسجد میں صبح چھ بجکر پانچ منٹ پر نماز عید ادا کی گئی جس میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں 4 ہزار سے زائد مقامات پر نماز عید ادا کی گئی جس کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔

لاہور کے باغ جناح میں عید کا پہلا بڑا اجتماع صبح 6 بجے منعقد ہوا، نمازِ عید کا سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں منعقد ہوا، جس میں گورنر پنجاب سرور چوہدری سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ شہر کے دیگر مقامات پر بھی مختلف چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے۔

وئٹہ میں مجموعی طور پر عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے، میٹروپولیٹن گراؤنڈ میں نمازِ عید کا سب سے بڑا اجتماع منعقد کیا گیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

نماز عید کے موقع پر کوئٹہ میں سیکیورٹی کےسخت انتظامات کیے گئے اس موقع پر شہر بھر میں 4 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عید الفطر کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔

ننھے منے بچوں نے بڑوں کے ہمراہ جوش و خروش کے ساتھ عید کی نماز ادا کی۔

خیال رہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے 4 جون بروز منگل کو سرکاری طور پر عید منانے کا اعلان کیا تھا۔

وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسف زئی نے بیان میں کہا تھا کہ مسجد قاسم علی خان میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی سربراہی میں کمیٹی کو چاند کی 110 سے زائد شہادتیں موصول ہوئیں جبکہ صوبائی حکومت کو بھی صوبے کے مختلف حصوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں ملیں، اس لیے پورے صوبے میں عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے خیبر پختونخوا میں منگل کو عیدالفطر منائی جائے گی۔

انہوں نے کہا تھا کہ منگل کو سرکاری سطح پر عیدالفطر منانے کا فیصلہ وزیر اعلیٰ محمود خان نے خود کیا ہے، وہ اور گورنر شاہ فرمان بھی 4 جون کو عید منائیں گے اور گورنر ہاؤس میں عید کی نماز ادا کریں گے۔

اس سے قبل عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی حکومت میں بھی خیبر پختونخوا میں سرکاری سطح پر عید منائی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں