Daily Mashriq

اذان کے احترام میں پرفارمنس روکنے پر 'بی ٹی ایس' کے مداحوں میں اضافہ

اذان کے احترام میں پرفارمنس روکنے پر 'بی ٹی ایس' کے مداحوں میں اضافہ

جنوبی کوریا کا میوزیکل بینڈ ’بی ٹی ایس‘ گزرتے وقت کے ساتھ پوری دنیا میں مقبولیت حاصل کرنے میں کامیاب ہورہا ہے اور اس بینڈ کے مداح پاکستان میں بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں۔

چند روز قبل اس بینڈ نے برطانیہ کے ویمبلے اسٹیڈیم میں پرفارم کیا جسے خوب پذیرائی بھی ملی۔

اس بینڈ کی خاصیت یہ ہے کہ یہ اپنے مداحوں کو اپنی مقبولیت کی وجہ قرار دیتے ہیں، جبکہ اس بینڈ کے دنیا بھر میں مداحو خود کو بی ٹی ایس کا سپاہی کہتے ہیں۔

برطانیہ میں اپنے اس کنسرٹ کے دوران بی ٹی ایس نے پرفارم کرتے ہوئے اذان کے احترام کے لیے اس دوران پرفارمنس روک دی، جس کے بعد مداح اس بینڈ کی مزید تعریف کرتے رہے۔

ایک مداح نے ٹوئٹر پر لکھا کہ 'بی ٹی ایس نے مغرب کے وقت پرفارمنس روک دی، کیوں کہ ہم اپنا روزہ کھول رہے تھے'۔

 جبکہ ایک اور صارف نے بتایا کہ اس بینڈ نے نہ صرف اذان کا احترام کیا بلکہ نماز پڑھنے کے لیے وہاں موجود مسلمان مداحوں کے لیے ایک مخصوص جگہ بھی رکھی۔

 واضح رہے کہ گزشتہ ماہ اس بینڈ کے لیے ٹوئٹر پر BTSOurMuhabbat# نامی ٹرینڈ بھی سامنے آیا، جسے شیئر کرکے پاکستان میں موجود مداحوں نے اس بینڈ کو سراہا۔

مزید پڑھیں: 'بی ٹی ایس ہماری محبت' : پاکستان میں اس قدر مقبول کیوں؟

ہوا کچھ یوں تھا کہ اس کورین بینڈ نے برازیل میں ایک کنسرٹ کے دوران اپنے گانے 'لو یوور سیلف' (یعنی خود سے محبت کریں) پر پرفارم کیا، جس میں اسکرین پر متعدد زبانوں میں 'Love' (یعنی محبت) لکھا گیا۔

اس دوران اسکرین پر اردو زبان میں اس بینڈ نے Love کو اردو میں محبت اور عشق لکھا۔

 اس کنسرٹ کی ویڈیوز کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پاکستانی عوام بی ٹی ایس سے بےحد متاثر ہوئی۔

جس کے بعد ٹوئٹر پر اس بینڈ کے چند مداحوں نے BTSOurMuhabbat# کے ٹرینڈ کا آغاز کردیا تھا۔

یاد رہے کہ بی ٹی ایس (beyond the scene) بینڈ صرف پاکستان میں ہی نہیں دنیا بھر میں مقبول ہے۔

یہ بینڈ کوریا کے شہر سیول سے تعلق رکھنے والے 7 نوجوانوں نے 2013 میں بنایا۔

پہلے اس بینڈ کا نام 'بینگٹین بوائز' رکھا گیا تھا، جس کے بعد 2017 میں اس کا نام تبدیل کرکے بی ٹی ایس (beyond the scene) رکھ دیا گیا۔

اس بینڈ نے ہپ ہاپ میوزک سے آغاز کیا تاہم اب کئی انداز کی موسیقی میں یہ اپنے گانے ریلیز کرتے ہیں۔

متعلقہ خبریں