Daily Mashriq


مشکل وقت ختم نہیں ہوا دشمن کی جارحیت کا جواب دینے کیلیے تیار رہنا ہوگا، ایئرچیف

مشکل وقت ختم نہیں ہوا دشمن کی جارحیت کا جواب دینے کیلیے تیار رہنا ہوگا، ایئرچیف

کراچی: پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل مجاہد انورخان کا کہنا ہے کہ مشکل وقت ابھی ختم نہیں ہوا ہمیں ابھی بھی دشمن کی طرف سے کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیاررہنا ہوگا۔

پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل مجاہد انورخان نے پاک فضائیہ کے فارورڈ آپریٹنگ بیسزکا دورہ کیا اوردورے کے دوران بیسز پر ہوابازوں، ائیرڈیفنس، انجینئرنگ اورسیکیورٹی پرمامورعملے سے ملاقات کی۔

اس دوران ایئرچیف نے دشمن کے خلاف حالیہ فضائی کامیابی کے دوران عملے کے بلند حوصلے اورپیشہ ورانہ مہارت کوسراہتے ہوئے کہا کہ ہم خدائےِ ذوالجلال کے حضورسربسجود ہیں جس نے ہمیں یہ طاقت دی کہ ہم اپنی قوم کی امیدوں پر بھرپوراندازمیں پورا اترسکے۔

ایئرچیف نے کہا کہ دشمن کے ساتھ حالیہ کشیدگی میں مادرِ وطن کی سالمیت اوردفاع کے فریضے کو بطریقِ احسن انجام دینے پر پوری قوم کو پاک فضائیہ پر ناز ہے لیکن مشکل وقت ابھی ختم نہیں ہوا، ہمیں ابھی بھی دشمن کی طرف سے کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان نے بھارت کوکرارا جواب دیتے ہوئے 2 بھارتی طیاروں کومارگرایا تھا جب کہ ایک بھارتی پائلٹ بھی گرفتار کرلیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں