Daily Mashriq


آرمی چیف نے 11 دہشت گردوں کی سزائے موت دینے کی توثیق کردی

آرمی چیف نے 11 دہشت گردوں کی سزائے موت دینے کی توثیق کردی

ویب ڈیسک: آرمی چیف نے مزید 11 دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی جبکہ ٹرائل کورٹ نے دیگر 3 خطرناک دہشتگردوں کو مختلف نوعیت کی سزائیں سنادیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملٹری کورٹ سے سزا پانے والے 11 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی جبکہ عدالت کی جانب سے3 دیگر دہشت گردوں کو مختلف مدت تک قید کی سزائیں بھی سنا دی گئیں، تمام دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گردوں کو سنگین کارروائیوں میں ملوث ہونے پر سزا دی گئی، سزا پانے والے افراد مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں، مالاکنڈ یونیورسٹی پر حملوں اور شہریوں کے قتل میں بھی ملوث ہیں، دہشت گردوں نے مجسٹریٹ کے سامنے خیبرپختونخوا کے صوبائی رکن اسمبلی عمران خان مہمند سمیت مجموعی طور پر 60 شہریوں کو قتل اور 36 افراد کو زخمی کرنے کااعتراف بھی کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سزا پانے والے دہشت گردوں میں برہان الدین، محمد زیب، سلیم، عزت خان، محمد عمران، یوسف خان، نادر خان، عارف اللہ، بخت محمد، شہیر خان اور گل فراز شامل ہیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گرد برہان الدین، شہیر خان اور گل خان نے اپنے جرائم کا اعتراف بھی کیا۔

متعلقہ خبریں