Daily Mashriq


مقبوضہ کشمیر :سیدعلی گیلانی کی لوگوں سے انتخابی ڈرامے کے بائیکاٹ کی اپیل

مقبوضہ کشمیر :سیدعلی گیلانی کی لوگوں سے انتخابی ڈرامے کے بائیکاٹ کی اپیل

کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے لوگوں پر زوردیا ہے کہ وہ کل انتخابی ڈرامے کا مکمل بائیکاٹ کریں اورپولنگ والے علاقوں میں ہڑتال کریں۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری بیا ن میں کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں قتل وغارت، گرفتاریوں،اقتصادی ناکہ بندی، ٹریفک پر پابندی اور عدالتی کارروائیوں کے ذریعے آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ 

بھارتی فوج کے ہاتھوں تین نوجوانوں کی شہادت پر شوپیاں اور پلوامہ اضلاع میں مکمل ہڑتال کی گئی۔قابض انتظامیہ نے مظاہروں کو روکنے کے لیے بھارتی فوج اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی تھی۔قابض انتظامیہ نے مسلسل دوسرے روز بھی سرینگر اور بانہال کے درمیان ٹرین سروس معطل رکھی۔ 

کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی ،محمد اشرف صحرائی، محمد شفیع لون،میر واعظ عمرفاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم اور دیگرحریت رہنماؤں اور تنظیموں نے اپنے بیانات میں شہید نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیاہے۔

جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ نے تہاڑ جیل میں پارٹی کے نظربند چیئرمین محمد یاسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت کے باوجود انہیں قید تنہائی میں رکھنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت محمد یاسین ملک کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے

مقبوضہ کشمیر کی ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن نے شوپیاں میں بھارتی فوج اور پولیس کی پرامن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کی ہے۔ 

اسلامی تنظیم آزادی کے غیرقانونی طورپر نظربند چیئرمین عبدالصمد انقلابی نے جیل سے ایک پیغام میں کہاہے کہ کشمیری عوام آزادی کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ بھارتی مظالم کی وجہ سے اپنے مطالبے سے ہرگز دستبردار نہیں ہونگے۔

متعلقہ خبریں