Daily Mashriq


 پیشگوئی درست نہ سہی مگر تیاری میں حرج نہیں 

 پیشگوئی درست نہ سہی مگر تیاری میں حرج نہیں 

غیر معمولی چھٹی حس رکھنے والے بھارتی شہری کی بحرہند میں سونامی کی پیشگوئی سے کسی انجانی پریشانی کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں اور نہ ہی اس پیشگوئی کی صداقت پر یقین کیا جا سکتا ہے البتہ اسے ایک امکان کے طور پر لیکر اس حوالے سے تیاری میں حرج نہیں بلکہ احسن اقدام ہوگا ۔ ہمارے اداروں پر ہر وقت یہ الزام لگتا رہتا ہے کہ وہ عین وقت پر اچانک آنے والی صورتحال سے خود کو ہم آہنگ نہیں کر پاتے جس کی سب سے بڑی وجہ ان کی تیاری کی حالت کا نہ ہونا اور امکانات پر عدم توجہی ہے ۔ خوش آئند امر ہے کہ محولہ پیشگوئی کو سنجیدگی سے لیکر پاکستان میں اس ضمن میں متعلقہ اداروں نے تیاری کیلئے اجلاس طلب کر لیا ہے ۔ اچانک پیش آنے والی صورتحال کی ہر دم تیاری اصولی طور پر ہر وقت ہی ہونی چاہیئے۔ ان اداروں کی ذمہ داری ہی ہنگامی حالات میں عوام کی مدد ہے خواہ اس کی پیشگوئی کی جائے یا نہ کی جائے ۔ وطن عزیز میں سونامی کی جو آواز سڑکوں پر گونجتی رہتی ہے مالک حقیقی کبھی پاکستان کو سونامی سے دوچار نہ کرے، وطن عزیز اور اس کے عوام کو حفظ وامان میں رکھے آمین ۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے والے اداروں اور متعلقہ حکام اگر اس پیشگوئی کو تیاری کے ایک موقع کے طور پر لے رہے ہیں تو یہ احسن اقدام ہے۔ اس طرح کی صورتحال میں جہاں دیگر تیاریوں کی ضرورت ہے وہاں ممکنہ طور پر زیادہ متاثرہونے والے علاقوں کے عوام کو اس طرح کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اپنے اور دوسروں کا تحفظ کرنے کی تربیت دی جانی چاہیے ۔ کراچی کے کالجوںاور یونیورسٹیوں اور ہائی سکولوں میں طلبہ کو اس ضمن میں تربیت دی جائے تو بہتر ہوگا۔ یہ موقع نہ سہی کسی اور موقع پر ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تربیت کار گر ہوگی اور وہ ایک مفید شہری کا کردار ادا کر پائیں گے ۔

متعلقہ خبریں