Daily Mashriq


اسلام آباد، لاہور سمیت مختلف شہروں سے مظاہروں کے دوران توڑ پھوڑ میں ملوث متعدد افراد گرفتار

اسلام آباد، لاہور سمیت مختلف شہروں سے مظاہروں کے دوران توڑ پھوڑ میں ملوث متعدد افراد گرفتار

ویب ڈیسک:سپریم کورٹ کیجانب سے مسیحی خاتون آسیہ بی بی سے متعلق فیصلے کے بعد ہونے والے پرتشدد مظاہروں میں املاک کو نقصان پہنچانے والے سیکڑوں افراد کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے، متعدد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ملک کےمختلف حصوں میں احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، کراچی سمیت سندھ، اسلام آباد اوردیگر شہروں میں درجنوں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے۔ شیخوپورہ میں درجنوں ملزمان گرفتار، خیبر پختونخوا میں املاک کو نقصان پہنچانے والوں کا ڈیٹا جمع کیا جانے لگا۔

تفصیلات کے مطابق دھرنے کے دوران دنگا فساد کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون اور توڑ پھوڑ کرنے والوں کی پکڑ دھکڑ شروع ہو گئی ہے۔ دھرنے کے دوران املاک کو نقصان پہنچانے والے ملزمان کو اسلام آباد انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر ملزمان کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ راولپنڈی میں تحریک لبیک کے 18مقدمات میں نامزد  30سے زائد کارکنوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

لاہور میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں املاک کو نقصان پہنچانے کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ پولیس نے تحریک لبیک کے 8 کارکنوں کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزموں نے پولیس اہلکاروں پر تشدد کیا اور وردی پھاڑ دی۔ لاہور ہائی کورٹ نے بھی عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کیخلاف دائر درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی ہے۔

سندھ میں دھرنا جلاؤ گھیراؤ کرنے پر 39 مقدمات درج کئے گئے۔ کراچی کے ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں 4، ایسٹ میں 3، ملیر میں 6، ڈسٹرکٹ کورنگی میں 15 ویسٹ میں ایک، سینٹرل میں 5 مقدمات درج ہوئے۔ شہید بینظیر آباد، سکھر اور گھوٹکی میں ایک ایک اور کشمور میں دو مقدمات بنائے گئے۔

خیبر پختونخوا میں محکمہ داخلہ نے ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز کا جائزہ لیا جائے اور املاک کو نقصان پہنچانے والوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے۔ پشاور میں بھی احتجاج کے دوران پرتشدد واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا آغاز ہو گیا ہے۔

متعلقہ خبریں