Daily Mashriq


عمران خان کی رہائش گاہ کے قریب سے اینٹی ایئرکرافٹ گن کے شیل برآمد

عمران خان کی رہائش گاہ کے قریب سے اینٹی ایئرکرافٹ گن کے شیل برآمد

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی بنی گالا رہائش گاہ سے تقریباً آدھا کلو میٹر فاصلے پر ایک پلاٹ سے اینٹی ایئرکرافٹ گن کے ایک درجن سے زائد شیل (گولے) برآمد ہوئے ہیں۔

پولیس کا کہنا تھا کہ غیر ملکی مشن کے ایک سینئر افسر نے وزیر اعظم ہاؤس کے قریب پلاٹ میں ان گولہ بارود کو پڑا ہوا دیکھا اور پولیس کو آگاہ کیا۔

جس پر گشت پر مامور ٹیم جائے وقوع پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

بعد ازاں انسداد دہشت گردی فورس، کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی اور بم ڈسپوزل اسکوارڈ سمیت پولیس کے مختلف ونگز نے اینٹی ایئر کرافٹ گن کی 18 گولیوں کو قبضے میں لے لیا۔

اس بارے میں ایک پولیس افسر کا کہنا تھا کہ گولیاں 30 ایم ایم لمبی تھی، ان کا رنگ اترتا ہوا تھا اور وہ پرانی معلوم ہورہی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی نجی رہائش گاہ کی وجہ سے علاقے میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ اور کامبنگ آپریشن کیا جاتا ہے اور حال ہی میں علاقے میں تلاشی لے کر اسی کلیئر قرار دیا گیا تھا۔

پولیس افسر کا مزید کہنا تھا کہ حالات یہ ظاہر کرتے ہیں کہ کوئی گزشتہ کچھ دنوں میں پلاٹ میں گولہ بارود لایا اور اس نے اسے یہاں چھپانے کی کوشش کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گولہ بارود کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا اور اسے فارنزک تجزیے کے لیے لیب منتقل کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں