Daily Mashriq


مسئلہ کشمیر پر کسی صورت سمجھوتہ ممکن نہیں، ترجمان دفتر خارجہ

مسئلہ کشمیر پر کسی صورت سمجھوتہ ممکن نہیں، ترجمان دفتر خارجہ

ویب ڈیسک: کرتار پور راہداری کی وجہ سے جموں اور کشمیر کا معاملہ پس پشت نہیں ڈالنے دیں گے،ہندوستان دنیا کو گمراہ کرنا چھوڑ دے اور زمینی حقائق تسلیم کرے،ترجمان دفترخارجہ۔

ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ چینی سرکاری ٹی وی پرمقبوضہ کشمیرکو بھارت کا حصہ بنانے کی خبریں غلط ہیں، چین نے معاملے پر پاکستان کو تفصیلات سے آگاہ کیا، چین نے مقبوضہ کشمیر کو سفید رنگ میں ظاہرکیا جب کہ چینی سرکاری ٹی وی نے تسلیم شدہ نقشہ استعمال کیا۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے وزیراعظم اوروزیرخارجہ سے ملاقاتیں کیں، افغانستان میں مفاہمتی عمل پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، زلمے خلیل زاد کے دورے میں کوئی شرط نہیں رکھی گئی، بات چیت کچھ لینے اورکچھ دینے پر انحصار کرتی ہے، پاکستان افغانستان میں مفاہمتی عمل آگے بڑھانے پر یقین رکھتا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ کرتار پور راہداری ابھی پوری طرح کھلا نہیں، پاکستان تو بھارت سے بات چیت چاہتا ہے، پاکستان سرکریک، کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات پر ڈائیلاگ چاہتا ہے، چین کو پاک بھارت بات چیت پرکوئی اعتراض نہیں اور بھارت سے مثبت ردعمل کی امید رکھتے ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی افواج کی زیادتیوں کا سلسلہ جاری ہے، سینکڑوں معصوم اورنہتے کشمیری پیلٹ گنز کے استعمال سے زخمی کئے گئے۔ ممبئی کیس سے متعلق ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ کیس عدالت میں ہے تبصرہ نہیں کرسکتا، حملہ کیس میں قانون کے مطابق انصاف ہوگا، کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت میں ہورہی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ جموں اورکشمیرکا معاملہ پس پشت نہیں ڈالنے دیں گے، کرتارپورراہداری کھلنے سے کشمیرکا معاملہ اثر اندازنہیں ہوگا، کرتارپورراہداری آئندہ سال نومبرسے قبل مکمل ہو جائے گی، مسئلہ کشمیرپرہرگزسمجھوتہ نہیں کریں گے جب کہ ذہن سے نکال دیں کہ کرتارپورکی وجہ سے جموں کشمیر کا معاملہ پیچھے چلا جائے گا۔

متعلقہ خبریں