Daily Mashriq

وزیر اعظم نے مندر پر حملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا

وزیر اعظم نے مندر پر حملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا

وزیر اعظم عمران خان نے خیرپور کے علاقے کمب میں مندر پر حملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

خیرپور میں رواں ہفتے نامعلوم افراد نے مندر پر حملہ کرتے ہوئے مورتیوں اور مقدس کتب کو آگ لگا دی تھی اور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت سندھ واقعے کے ذمے داران کے خلاف فوری اور فیصلہ کن کارروائی کرے، یہ قرآن کی عظیم الشان تعلیمات کے خلاف ہے۔

مقامی پولیس حملے میں ملوث ملزمان کو ڈھونڈنے اور انہیں گرفتار کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

واقعے کی ہندو برادری کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کی جانب سے بھی شدید مذمت کی گئی ہے البتہ ابھی تک کسی نے بھی پیر کو کیے گئے حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور رکن قومی اسمبلی رمیش کمار منگل کو کمشنر سکھر، ڈپٹی کمشنر سکھر اور سکھر کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل کے ہمراہ کمب گئے تاکہ مندر کا دورہ کر کے وہاں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا جا سکے۔

انہوں نے مقامی ہندو برادری سے ملاقات کر کے واقعے کی تفصیلات بھی حاصل کیں۔

گزشتہ روز گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے رکن قومی اسمبلی جے پرکاش کی جانب سے بھیجی گئی رپورٹ موصول ہونے کے بعد مندر کی بے حرمتی کا نوٹس لے لیا ہے۔

گورنر ہاؤس سے جاری بیان میں عمران اسمٰعیل نے کہا کہ اس طرح کے واقعات صوبے میں بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی ایکتا کو سبوتاژ کرنے کی سازش کا حصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت صوبے میں اقلیتوں کے تحفظ اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر اقدامات کر رہی ہے۔

متعلقہ خبریں