Daily Mashriq

کراچی:تجاوزات کیخلاف آپریشن، چڑیا گھر کے اطراف 4 سو دکانیں مسمار

کراچی:تجاوزات کیخلاف آپریشن، چڑیا گھر کے اطراف 4 سو دکانیں مسمار

ویب ڈیسک:کراچی میں چڑیا گھر کے اطراف تجاوزات کیخلاف آپریشن میں 400 سے زائد دکانیں اور دفاتر مسمار کردیئے گئے۔

حکام کے مطابق کراچی کے علاقے گارڈن میں چڑيا گھر کے اطراف 2 روز تک جاری رہنے والی کارروائی مکمل کرلی گئی ہے۔

کارروائی میں بھاری مشینری کے ساتھ چار سو سے زائد افرادی قوت نے حصہ لیا جب کہ گزشتہ روز دکانداروں کے احتجاج کے باعث سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

حکام نے بتایا کہ 2 روزہ آپریشن میں 405 دکانوں اور دفاتر کو گرایا گیا جس کے بعد سے ملبہ اٹھانے کا سلسلہ جاری ہے جو کہ کل بھی جاری رہے گا۔ 

میٹروپولیٹن کمشنر سیف الرحمان کا کہنا ہے کہ میئر کراچی نے دکانداروں کو متبادل دکانیں دینے کا یقین دلایا ہے جب کہ ملبہ ہٹانے کے بعد چڑیا گھر کی دیوار اور فٹ پاتھ تعمیر کیا جائے گا۔

آپريشن کے دوران ٹريفک کی روانی بھی متاثر رہی اور عوام کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

یاد رہے کہ گارڈن کے علاقے میں تجاوزات کیخلاف آپریشن گزشتہ روز شروع کیا گیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں