Daily Mashriq

پاکستانی اداکارہ ’’اسپائیڈر مین فار فرام ہوم‘‘ میں جلوہ گر

پاکستانی اداکارہ ’’اسپائیڈر مین فار فرام ہوم‘‘ میں جلوہ گر

چہرے پر ماسک لگائے دیواروں پر چھلانگیں لگاتا اور ہوا میں کرتب دکھاتا اسپائیڈر مین بچوں کے ساتھ ساتھ بڑوں میں بھی یکساں مقبول ہے، اس بار سیریز کی نئی فلم ’’اسپائیڈر مین فار فرام ہوم‘‘ میں ایک کردار حجاب میں بھی نظر آئے گا۔

 فلم میں شامل نئے کردار کے سوشل میڈیا پر بھی خوب چرچے ہیں، پہلی بار ایکشن ہیرو اسپائیڈرمین کے ساتھ حجاب اوڑھے کردار میں نظر آنے والی اداکارہ کوئی ہالی ووڈ اسٹار نہیں بلکہ پاکستانی اداکارہ زوہا رحمان ہیں۔زوہا رحمان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ٹوئٹر اور انسٹاگرام کے ذریعے مداحوں کو بتایا کہ مارویل اسپائیڈرمین کی آنے والی فلم میں وہ بھی شامل ہیں، بلاشبہ یہ ایک خواب جیسا ہے جو ہر پاکستانی دیکھتا ہوگا کہ اسے بالی ووڈ جیسی بڑی انڈسٹری میں کام کرنے کا موقع ملے۔

 اسپائیڈر مین ’’فار فرام ہوم‘‘ امریکا سمیت کئی ممالک میں ریلیز کردی گئی ہے جبکہ پاکستانی سنیما گھروں میں اس کی نمائش کا آغاز کل (جمعہ 5 جولائی) سے ہورہا ہے۔

 ایک میگزین کو انڑویو دیتے ہوئے زوہا نے بتایا کہ پاکستانیوں کو ہمیشہ سے ہی چھوٹے اور مظلوم کرداروں کیلئے کاسٹ کیا جاتا ہے جو کہ مجھے زیادہ پسند نہیں مگر اس حوالے سے اگر میں اپنے کردار کو دیکھوں تو یہ ایک بڑی ذمہ داری ہے۔زوہا رحمان کو ’’اسپائیڈر مین فار فرام ہوم‘‘ میں کاسٹ کئے جانے پر سوشل میڈیا پر پاکستانی صارفین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی ہے۔اداکارہ زوہا رحمان پاکستان میں پیدا ہوئیں اور 2012ء میں اپنے خاندان کے ساتھ برطانیہ منتقل ہوگئیں، انہوں نے وکالت کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا۔

متعلقہ خبریں