Daily Mashriq

انٹراکورٹ اپیل،سپریم کورٹ کا نہال ہاشمی کو کل ہر صورت عدالت میں حاضری کا حکم

انٹراکورٹ اپیل،سپریم کورٹ کا نہال ہاشمی کو کل ہر صورت عدالت میں حاضری کا حکم

ویب ڈیسک:انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت،سپریم کورٹ نے نہال ہاشمی کو کل طلب کرلیا ہے، چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ کیوں نہ نہال ہاشمی کی سزامیں اضافہ کردیں۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کی سربراہی میں نہال ہاشمی کی انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت  کے دوران عدالت نے نہال ہاشمی کی ججز کے خلاف نازیبا الفاظ کی ویڈیو بھی چلوادی، اس موقع پر چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ کیوں نہ نہال ہاشمی کی سزامیں اضافہ کردیں جس پر نہال ہاشمی کے وکیل کامران مرتضیٰ نے بینچ پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ بینچ کے 2 ممبران پر اعتراض ہے، چیف جسٹس نے نہال ہاشمی کے خلاف ازخود نوٹس لیا تھا اور فرد جرم عائد ہوتے وقت جسٹس اعجاز الاحسن بینچ کا حصہ تھے۔

عدالت نے نہال ہاشمی کے تمام اعتراضات مسترد کردیے جب کہ چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ فیصلہ 2 رکنی بینچ نے کیا تھا، تیسرے رکن نے خود کو فیصلے سے الگ رکھا تھا۔ ایڈوکیٹ کامران مرتضیٰ نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ نہال ہاشمی کے نازیبا الفاظ حکم نامے میں نہ لکھوائیں، نہال ہاشمی کے الفاظ میرے لیے باعث شرمندگی ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ بطور وائس چیئرمین پاکستان بار یہ آپ کا امتحان ہے، ہم نے اپنا راستہ چن لیا ہے، ہمیں کسی قسم کی کوئی شرم نہیں جب کہ آپ کے کہنے پرنازیبا الفاظ آج کے حکم نامے میں شامل نہیں کرتے۔ عدالت نے نہال ہاشمی کو کل ہرصورت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔