Daily Mashriq

وزیر اعلیٰ اس امر کو بھی یقینی بنائیں 

وزیر اعلیٰ اس امر کو بھی یقینی بنائیں 

وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کا پر اونشل ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے توسیعی منصوبے کے افتتاح کے موقع پر کچھ رقم خرچ کر کے قیمتی جانیں اور املاک بچانا گھاٹے کا سودا نہیں کے ریمارکس سے کلی اتفاق نہ کرنے کی کوئی وجہ نہیں یقینا قدرتی آفات سے مکمل طور نمٹنا کسی طور ممکن نہیں قدرتی آفات کے سامنے کوئی ٹیکنالوجی اور طاقت وتیاریاں ہیچ ہیں البتہ آفات سے پیدا شدہ صورتحال اور آفات کے موقع پر ممکنہ حفاظتی اقدامات کے ذریعے نقصانات کو کم سے کم کرنے کی بہر حال گنجائش نکلتی ہے جس پر وسائل خرچ کرنا پیسے کا ضیاع نہیں بلکہ یہ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ دستیاب وسائل کا استعمال کر کے لوگوں کے جان ومال اور املاک کو محفوظ بنانے کے جتن کر ے۔ خیبر پختونخوا میں اس شعبے پر عدم توجہی کی کیفیت کو تسلیم کرتے ہوئے اس کی طرف توجہ اور توسیعی منصوبے کا افتتاح حوصلہ افزاء امر ہے جس کے بعد بجا طور پر اس امر کی توقع کی جاسکتی ہے کہ سرکاری ادارے وسائل و تربیت کے ساتھ بر وقت تیاری اور صورتحال سے نمٹنے میں پہلے سے بہتر کا رکردگی کا مظاہرہ کریں گے ۔ وزیر اعلیٰ کی جانب سے برساتی نالوں اور دریائوں کے کناروں کو پختہ کر کے سیلابی کٹائو کی روک تھام کے اقدامات کے احکامات اپنی جگہ لیکن وزیراعلیٰ نے قبل ازیں ندی نالوں کے کناروں کو تجاوزات سے پاک کرنے کی جو ہدایات جاری کی تھیں ان پر عملد ر آمد کا بھی جائزہ لیا جائے تو مفید ہوگا۔ وزیراعلیٰ اگر اس ضمن میں حکام کی رپورٹوں پر اکتفا ء کرنے کی بجائے ندی نالوں کے اندر اور کناروں پر تجاوزات کا بچشم خود جائزہ لینے کیلئے اچانک دورہ کریں تو ان کو صورتحال سے آگاہی ہوگی ۔ امر واقعہ یہ ہے کہ اس ضمن میں وزیر اعلیٰ کے احکامات پر عملدر آمد میں کوتاہی ہی نہیں برتی گئی ہے بلکہ نئے تجاوزات کا قیام بھی عمل میں لایا یگا ہے ۔ تجاوزات کو ہٹانے کے بعد ہی ندی نالے پانی کے بہائو کیلئے کھل جائیں گے جس کے بعد بے قابو سیلابی پانی کے بہائو کی روک تھام کیلئے حفاظتی پشتوں کی تعمیر مفید ہوگی ۔

متعلقہ خبریں