Daily Mashriq


الیکشن کمیشن کی ادھوری وضاحت

الیکشن کمیشن کی ادھوری وضاحت

الیکشن کمیشن کے ترجمان کی جانب سے سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلائی مخلوق کے الیکشن کرانے کے بیان پر ردعمل مناسب اوربروقت ہے یقینا شفاف اور غیر جانبدار انہ انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن ہی کرائے گی اورماضی کے برعکس شفافیت کی سعی ہوگی۔ پنکچر لگانے کے الزامات کی حقیقت کیا سامنے آئی وہ کسی سے پوشیدہ امر نہیں لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا الیکشن کمیشن کی کارکردگی اس قابل رہی ہے کہ الیکشن کا شفاف انعقاد کسی شک و شبہ کے بغیر کیا گیا ہو یقینا ایسا نہیں ا س لئے الیکشن کمیشن کو اس طرح کے الزامات سے بچنے کیلئے اپنے اقدامات کی وضاحت اور ماضی غلطیوں کو نہ دہرائے جانے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ ہم سمجھتے ہیںکہ الیکشن کمیشن کے ترجمان کی وضاحت اس یقین کیلئے کافی ہونی چاہیئے کہ آمد ہ الیکشن میں نایدیدہ قوتوں اور خلائی مخلوق کے مفروضوں کو عملی طور پر مفروضہ ہی ثابت کیا جائے گا اور ایسے صاف شفاف الیکشن کرائے جائیں گے جو قابل اطمینان ہوں اور کسی جماعت وفریق کے اعتراض کی گنجائش باقی نہ رہے ۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان اگر اس امر کی بھی صراحت سے تردید اور وضاحت کر دیتے کہ الیکشن کے انعقاد میں ماہ ڈیڑھ ماہ تاخیر کی باتیں بھی ذہنی اختراع اور لغو ہے اس طرح کے خیالات کے اظہار سے گریز کیا جانا چاہیئے جس سے انتخابات کے بروقت انعقاد کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا ہوں لیکن اس سے احتراز کیا گیا جو اپنی جگہ از خود شکوک وشبہات کو تقویت دینے کا حامل معاملہ گردانا جا سکتا ہے ۔ قومی اداروں کو غلط فہمیوں کا موقع دینے کی بجائے غلط فہمیاں بروقت دور کرنے میں تامل وتساہل کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہئے تاکہ بیانات اور افواہوں کو قبولیت کا درجہ نہ مل سکے اور عوام خواہ مخواہ کی غلط فہمیوں کا شکار نہ ہوں ۔

متعلقہ خبریں