Daily Mashriq


جنازہ گاڑی اور واٹر ٹینکر مفت فراہمی کا احسن فیصلہ

جنازہ گاڑی اور واٹر ٹینکر مفت فراہمی کا احسن فیصلہ

ٹائون کونسل ٹو کے اجلاس میں جنازہ گاڑی اور شہریوں کو پانی کے ٹینکر مفت فراہم کرنے کا فیصلہ احسن اورعوامی مفاد کے تقاضوں کی رعایت رکھنا ہے ۔ کسی گھر میں فوتگی کی صورت میں میت کو دفنا نے اور قبر کا انتظام کرنے کا معاملہ غمزدہ خاندان کیلئے بڑا مسئلہ ہوتا ہے اور تدفین کے عمل کی تکمیل تک لوگوں کو بڑی مشکلات کا سامنا ہوتا ہے ۔ ہمارے تئیں پہلے مرحلے پر جنازہ گاڑی کا اہتمام احسن فیصلہ ہے کوششیں کی جانی چاہیئے کہ میت کی تدفین کے بھی سرکاری طور پر انتظامات کئے جاسکیں۔ پانی کے بلوں کی وصولی کے بعد پانی کی بذریعہ پائپ لائن یا بذریعہ ٹینکر فراہمی متعلقہ ٹائون کونسل کی بنیادی ذمہ دار ی بن جاتی ہے مگر اب تک اس سے احتراز کیا جاتا رہا ہے۔ شہریوں کو پانی کی فراہمی میں ناکامی کے باوجود بلوں کی باقاعدگی سے وصولی ہوتی رہی ہے اب جبکہ اس کا فیصلہ کیا گیا تو جنازہ گاڑیوں اور واٹر ٹینکر وں کی تعداد بڑھانے کے ساتھ ان کے صحیح استعمال کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے تاکہ بوقت ضرورت شہریوں کو بروقت یہ سہولیات فراہم کی جا سکیں ۔ توقع کی جانی چاہیئے کہ بلدیاتی ادارے سرکاری وسائل کا استعمال عوام کے مفاد اور منشا کے مطابق کرنے کے مزید مواقع پر توجہ دیں گے ۔ پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، کے ڈی اے ، ایم ڈی اے اور اس طرح کے دوسرے اداروں کے علاوہ پشاور اور صوبہ بھر کے دیگر ٹائونز کو بھی ٹائون ٹو کے اس احسن فیصلے کی تقلید کرنی چاہیئے ۔ صوبائی حکومت کو بلدیاتی اداروں اور منتخب نمائندوں کو فنڈز اور وسائل کی فراہمی یقینی بنا کر اُن کو اس قابل بنانے کی ضرورت ہے کہ وہ حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت اور سہولیات کی فراہمی کے قابل ہوسکیں ۔

متعلقہ خبریں