Daily Mashriq

پاکستان میں ڈینگی کے پھیلاؤ نے نیا ریکارڈ قائم کردیا

پاکستان میں ڈینگی کے پھیلاؤ نے نیا ریکارڈ قائم کردیا

اسلام آباد: ملک میں ڈینگی کے پھیلاؤ نے نئے ریکارڈ قائم کردیے اور رواں سال کے دوران اب تک تقریباً 44 ہزار افراد اس سے متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 66 افراد مچھروں سے پھیلنے والی اس بیماری کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔

سال 2011 میں 27 ہزار اس وبا سے متاثر ہوئے تھے لیکن اموات کی تعداد رواں برس کے مقابلے 6 گنا زائد تھی یعنی اس بیماری کے سبب 370 افراد کی وفات ہوئی۔

قومی ادارہ برائے صحت کے ڈیزیز سرویلنس ڈویژن کے سربراہ ڈاکٹر رانا صفدر کا کہنا تھا کہ رواں سال کے دوران دنیا بھر میں ڈینگی کے کیسز غیر معمولی تعداد میں رپورٹ ہوئے اور دعویٰ کیا کہ پاکستان کی کارکردگی دیگر ممالک کے مقابلے میں بہتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کی ریاست اٹلانٹا میں حال ہی میں ہونے والے اجلاس میں ڈینگی کے پھیلاؤ کے بارے میں بات چیت کی گئی جس میں دیگر ممالک کے نمائندوں نے نہ صرف پاکستانی حکومت کی کارکردگی کو سراہا بلکہ ملک میں اس بیماری کی روک تھام کے تجربے کو دستاویزی شکل دینے کی درخواست بھی کی۔

ڈاکٹر رانا صفدر کا کہنا تھا کہ کراچی واحد شہر ہے جہاں سندھ کے 94 فیصد کیسز رپورٹ ہوئے اور ڈینگی کے پھیلاؤ کا موسم تقریباً اپنے اختتام پر ہے لیکن یہ سلسلہ رواں برس کے آواخر تک جاری رہ سکتا ہے۔

ان کے مطابق اس کی وجہ یہ ہے کہ کراچی کا درجہ حرارت ملک کے دیر علاقوں کی نسبت گرم ہے اور کراچی میں نومبر کے مہینے میں اس بیماری کو روکنے کے لیے ہمیں طویل کوششیں کرنی ہوں گی۔

رواں سال کے دوران ملک بھر میں ڈینگی کے 44 ہزار415 کیسز کی تصدیق ہوئی جس میں سب سے زیادہ 12 ہزار 433 کیسز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رپورٹ ہوئے۔

سندھ میں ڈینگی کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 10 ہزار 142، پنجاب میں 9 ہزار 260، خیبرپختونخوا میں 7 ہزار 346، بلوچستان میں 3 ہزار 51 کی تعداد میں ڈینگی کیسز جبکہ آزاد کشمیر میں ڈینگی کے ایک ہزار 672 کیسز سامنے آئے۔

اسی طرح ڈینگی سے سب سے زیادہ اموات سندھ میں ہوئیں جن کی تعداد 26 ہے، اسلام آباد میں 22، پنجاب میں 14 بلوچستان میں 3 جبکہ آزاد کشمیر میں ڈینگی کے باعث ایک انسان کی وفات ڈینگی کے باعث ہوئی۔

متعلقہ خبریں