Daily Mashriq

بھارت پاکستان کےخلاف نئی جارحیت کے ارتکاب کی سازش کررہا ہے، وزیرخارجہ

بھارت پاکستان کےخلاف نئی جارحیت کے ارتکاب کی سازش کررہا ہے، وزیرخارجہ

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستا ن کے پاس مستند خفیہ اطلاعات ہیں کہ بھارت اس ماہ کی سولہ سے بیس تاریخ کے درمیان   پاکستان کے خلاف ایک اور جارحیت کی نئی سازش کررہا ہے۔

 انہوں نے اتوار کے روز ملتان میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے خلاف اپنی فوجی کارروائی کا جواز پیدا کرنے اور سفارتی دباو بڑھانےکےلئے بھارت مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ طرز کا نیا ڈرامہ کرسکتا ہے۔

وزیر خارجہ  نے کہا کہ ان حقائق کے پیش نظر دفترخارجہ نے فوری طور پر اقوام متحدہ کے پانچ مستقل ارکان کے مندوبین کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔

سیکرٹری خارجہ نے عالمی ادارے کی سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک کے مندوبین کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی اور انہیں ہمسایہ ملک میں جاری سازشوں سے متعلق پاکستان کے خدشات سے آگاہ کیا۔

 سیکرٹری خارجہ نے ان پرزور دیا کہ عالمی برادری  کو بھارت کے اس خطرناک رویے کا نوٹس لیتے ہوئے اسے کسی بھی مہم جوئی سے باز رکھنا چاہیے۔ 

وزیر خارجہ نے کہا کہ چھبیس فروری کو بھارتی حارجیت کے بعد پاکستان نے سمجھ داری اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور کشیدگی میں کمی کےلئے مخلصانہ کوششیں کیں۔

 انہوں نے کہا کہ پلوامہ واقعے کے بعد جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں اضافہ ہوا ہے اور بھارتی فورسز پاکستان کی شہری آبادی کو نشانہ بنارہی ہیں جس سے جانی نقصان ہوا ہے۔

 شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان عالمی امن کے لئے ذمہ داری کامظاہرہ کرے گا تاہم انہوں نے عالمی برادری پرزور دیا کہ وہ اس خطے کی کشیدہ صورتحال کے تناظر میں اپنی خاموشی ترک کردے۔

 انہوں نے کہاکہ پلوامہ واقعے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیوں میں اضافہ ہوا  ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی پر امن سیاسی جدوجہد کی قدر کرتا ہے کیونکہ مظالم کےخلاف آواز اٹھا نا ان کا سیاسی اور قانونی حق ہے۔

 شاہ محمود قریشی نےکہا کہ عالمی ذرائع ابلاغ نے بھارتی پروپیگنڈا مکمل طور پر بے نقاب کردیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کی صورت میں اپنے دفاع کا حق رکھتا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی مسلح افواج اور قوم نے اپنے کردار سے ثابت کیا ہے کہ ہم بھارتی جنگی جنون کےخلاف متحد ہیں۔

 شاہ محمود قریشی نےکہا کہ ملک کی سلامتی کے معاملے پر حکومت اور حزب اختلاف متحد ہیں۔

متعلقہ خبریں