Daily Mashriq

محکمہ ثقافت کاماہ جبین قزلباش کیلئے5لاکھ امدادکااعلان

محکمہ ثقافت کاماہ جبین قزلباش کیلئے5لاکھ امدادکااعلان

پشاور( مشرق نیوز) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر عاطف خان کی ہدایت پر ڈائریکٹر کلچر میڈم شمع نعمت نے گزشتہ روز لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں زیر علاج پشتو گلوکارہ ماہ جبین قزلباش کی عیادت کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کلچر نے محکمہ ثقافت کی طرف سے ماہ جبین قزلباش کے لئے 5 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ڈائریکٹر نے ماہ جبین قزلباش کی صحت کے حوالے سے ڈائریکٹر کلچر کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ماہ جبین وینٹی لیٹر پر ہیں تاہم اور انکی صحت اب بہتر ہورہی ہے۔ ماہ جبین کا خصوصی خیال رکھا جارہا ہے اور انکے لئے سپیشل میڈیکل ٹیم تشکیل دی گئی ہے اور 247 انکی نگرانی کی جارہی ہے۔ ڈائریکٹر کلچر نے ماہ جبین قزلباش کے اہل خانہ سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں ماہ جبین قزلباش کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور انکی ہر قسم کی مالی مدد کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ وہ سینئر وزیر برائے ثقافت و سیاحت عاطف خان کی خصوصی ہدایت پر گلوکارہ ماہ جبین قزلباش کی عیادت کے لئے آئی ہیں۔ سینئر وزیر ماہ جبین کی صحت یابی کے لئے دعا گو اور ہسپتال انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ سینئر وزیر نے ہسپتال انتظامیہ کو ماہ جبین کا ہر قسم کا خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ جبین قزلباش پر فخر ہے انہوں نے صوبے کا نام روشن کیا ہے، ماہ جبین قزلباش کی پشتو زبان اور صوبے کے لئے خدمات فراموش نہیں کی جا سکتیں۔ صوبے کے تمام فنکار ہمارے صوبے کا سرمایہ ہیں۔ ڈائریکٹر کلچر نے مزید کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت ثقافت کے فروغ کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ثقافت کے فروغ کے لئے اربوں روپے کی سکیمیں منظور کی ہیں۔ یاد رہے کہ پشتو کی مشہور گلوکارہ ماہ جبین قزلباش گزشتہ کئی روز سے بیمار ہیں اور لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

متعلقہ خبریں