Daily Mashriq

پہلا ون ڈے، لندن کی فضاؤں پر سیاہ بادلوں کا راج

پہلا ون ڈے، لندن کی فضاؤں پر سیاہ بادلوں کا راج

لاہور:  پاک انگلینڈ ون ڈے سیریز کے پہلے میچ سے قبل لندن کی فضائوں پر سیاہ بادلوں کا راج ہے جب کہ مقابلہ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا۔

کارڈف میں کھیلے جانے والے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں میزبان ٹیم سرخرو ہوئی، اس ناکامی کا صدمہ اٹھانے کے بعد گرین شرٹس ون ڈے سیریز کے پہلے میچ کیلیے گزشتہ روز لندن پہنچ گئے،مہمان کرکٹرز منگل کو بھرپور پریکٹس سیشن میں لہوگرمائیں گے، بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں صلاحیتیں نکھارنے کی کوشش ہوگی، میزبان ٹیم کا ٹریننگ سیشن بھی شیڈول ہے، اس دوران دونوں ٹیموں کے کپتان پریس کانفرنس کریں گے، لندن کا موسم سرد ہے، گزشتہ روز درجہ حرارت12رہا۔

بدھ کو میچ کے دوران ایک سے زائد بار بارش کی مداخلت ہونے کی پیش گوئی کردی گئی ہے،ابھی تک ہونے والے باہمی ون ڈے مقابلوں میں میزبان کا پلڑا بھاری رہا،پاکستان ٹیم 82میچز میں 31فتوحات حاصل کرپائی، 49میں انگلینڈ کو فتح نصیب ہوئی۔ 2مقابلے بے نتیجہ رہے۔

انگلش سرزمین پر دونوں ٹیمیں 42بار مقابل ہوئیں،گرین شرٹس15میں کامیاب ہوئے،26میں میزبان ٹیم نے برتری ثابت کردی،ایک میچ بے نتیجہ رہا، دونوں ملکوں کے مابین آخری باہمی سیریز اگست، ستمبر 2016میں کھیلی گئی،انگلینڈ نے ابتدائی تینوں میچز جیتے۔

پاکستان کو کارڈف میں کھیلے جانے والے آخری میچ میں کامیابی حاصل ہوئی،دونوں ٹیموں کے مابین آخری ٹاکرا چیمپئنز ٹرافی 2017کے سیمی فائنل میں ہوا،کارڈف میں ہی کھیلے جانے والے اس میچ میں گرین شرٹس نے 8وکٹ سے فتح پائی اور بعد ازاں بھارت کو بھی ہراکر ٹائٹل پر قبضہ جمایا۔

متعلقہ خبریں