Daily Mashriq

سوات کے ٹماٹر کی فصل تیار،ملک کے مختلف علاقوں میں سپلائی شروع

سوات کے ٹماٹر کی فصل تیار،ملک کے مختلف علاقوں میں سپلائی شروع

سوات(فیاض ظفر)میٹھے پھلوںاور تازہ سبزیوں کے لئے مشہور سوات کے ٹماٹر کی فصل تیار ہے اور ملک کے مختلف علاقوں میں سپلائی شروع ہوگئی۔ زرخیز زمین، بہتر آب و ہوا کی وجہ سے سوات کے پھلوں کی طرح یہاں کی سبزیاں بھی مشہور ہیں۔ زرعی تحقیقاتی ادارہ کے مطابق سوات میں پانچ ہزار ایکٹر زمین پر ٹماٹر کی فصل اُگائی جاتی ہے۔ ہر سال سوات میں51 ہزار میٹرک ٹن ٹماٹر کی پیداوار ہوتی ہے۔ سوات میں سال میں دو بار ٹماٹر کی پیداوار ہوتی ہے۔ ایک زمیندار نظر ماما نے مشرق کو بتایا کہ ٹماٹر کی فصل پہلے جون اور جولائی اورپھر اکتوبراور نومبر میں تیار ہوتی ہے۔ سوات میں ٹماٹر کے زیادہ تر باغات بریکوٹ سے مینگورہ کے درمیان اور شموزئی روڈ پر دریائے سوات کے کنارے واقع ہیں۔ اس کی فصل تیارہونے کے ساتھ ان باغات میں کارکنوں کا رش لگا رہتا ہے۔ ہر کھیت میں ٹماٹروں کے ڈھیر لگے رہتے ہیں، جہاں لوگ ان کو گتے کے ڈبوں میں پیک کرتے ہیں۔ ان علاقوں میں مقامی افراد ٹماٹر خرید کر اس کو تھیلوں میں بند کرکے فروخت کرتے ہیں۔ ٹماٹروں کا ایک گتے کا ڈبہ چالیس روپے میں ملتا ہے۔ اس لئے مقامی افراد وہ رقم بچا کر ٹماٹروں کو اس حساب سے کم قیمت میں فروخت کرتے ہیں۔ اس وقت سوات میں ٹماٹر فی کلو 120 روپے، پشاور میں 150اور کراچی میں دو سو سے زائد کے عوض فروخت ہورہا ہے۔ ملک بھر میں ٹماٹر کی قیمت میں اضافے کا زیادہ فائدہ سوات کے زمینداروں کو ہورہا ہے۔

متعلقہ خبریں