Daily Mashriq

سری لنکا نے رتنائیکے کو کرکٹ ٹیم کا عبوری کوچ مقرر کردیا

سری لنکا نے رتنائیکے کو کرکٹ ٹیم کا عبوری کوچ مقرر کردیا

سری لنکا کے کرکٹ بورڈ (ایس ایل سی) نے رواں ماہ ہوم گراؤنڈ میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے سابق فاسٹ باؤلر رمیش رتنائیکے کو ٹیم کا عبوری کوچ مقرر کردیا۔

خبرایجنسی رائٹرز کے مطابق سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ٹیم کے مستقل ہیڈ کوش چندیکا ہتھورا سینگھے کے مسقبل کے حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا۔

ایس ایل سی کے صدر شمی سلوا کا کہنا تھا کہ ‘ہم کوچ کی کارکردگی کو ہر ڈیڑھ سال بعد دیکھتے ہیں جس کی بنیاد پر ہم یہ فیصلہ کرچکے ہیں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘میں بھی بورڈ میں تھا کہ ہتھوراسینگے کو تربیت دی گئی تھی اور ہم نےغلطیاں کیں لیکن اگر ہمیں مستقبل میں کرکٹ کو ٹھیک کرنا ہے تو ہمیں ان غلطیوں کو درست کرنا ہوگا’۔

شمی سلوا نے کہا کہ ہتھوراسنگھے کو وضاحت خط ارسال کردیا گیا ہے اور بورڈ ان کے جواب کے لیے 14 روز تک انتظار کرے گا تاہم انہوں نے کوچ کے ساتھ معاملات کو ‘قانونی’ قرار دے کر مزید وضاحت سے انکار کردیا۔

دوسری جانب ہتھوراسنگھے نے بھی خط ملنے کی تصدیق کردی ہے۔

کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق ہتھوراسنگھے کا کہنا تھا کہ ‘جہاں تک میرا تعلق ہے تو بورڈ کے ساتھ میرا معاہدہ ابھی موجود ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘خط میں معاہدے کی منسوخی یا اس طرح کی کوئی چیز شامل نہیں ہے’۔

واضح رہے کہ سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان 14 اگست کو دو میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا آغاز ہوگا۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ہتھوراسنگھے کو دسمبر 2017 میں ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا تھا تاہم انہیں ورلڈ کپ 2019 سمیت دیگر سیریز میں ٹیم کی بدترین کارکردگی پر شدید تنقید کا سامنا تھا۔

سری لنکا کی ٹیم نے ورلڈ کپ میں بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور پہلے ہی مرحلے میں ایونٹ سے باہر ہوگئی تھی۔

متعلقہ خبریں