Daily Mashriq

’ہوم الون‘ کا ریمیک بننے کے اعلان سے مداح ناخوش

’ہوم الون‘ کا ریمیک بننے کے اعلان سے مداح ناخوش

امریکی کمپنی ڈزنی اب تک اپنی کئی کامیاب کارٹون فلموں کے ریمیکس بنا چکی ہیں، جس کے بعد اب کمپنی نے 1990 کی یادگار فلم ’ہوم الون‘ کا ریمیک بنانے کا بھی اعلان کردیا۔

ڈزنی کی کامیاب کارٹون فلموں ’دی لائن کنگ‘، ’بیوٹی اینڈ دی بیسٹ‘ اور ’دی جنگل بک‘ کے ریمیکس حالیہ کچھ سالوں میں سامنے آئے، ان میں کچھ نے مداحوں کو متاثر کیا جبکہ کچھ مایوس کن ثابت ہوئیں۔

تاہم مداح ڈزنی کی ان یادگار فلموں کے ریمیکس بننے کے ٹرینڈ سے مایوس ہی نظر آئے، جس کی وجہ یہ ہے کہ ماضی کی ان فلموں نے مداحوں کے دلوں میں وہ مقام حاصل کیا جسے وہ ریمیکس کے ساتھ تبدیل کرنے کے خواہش مند نہیں۔

تاہم اب ڈزنی نے 1990 میں ریلیز ہوئی اپنی کامیاب فلم ’ہوم الون‘ کا ریمیک بنانے کا بھی اعلان کردیا ہے، تاہم مداح اس فیصلے سے ناخوش نظر آئے جبکہ ڈزنی کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔

ہوم الون کے ساتھ ساتھ کمپنی نے ’دی لٹل مرمیڈ‘ اور ’نائٹ ایٹ دی میوزیم‘ کے ریمیکس بھی بنانے کا اعلان کیا تاہم اس فیصلے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

ایک صارف نے ہولی وڈ کو فلموں کے لیے نئے خیالات کے ساتھ سامنے آنے کا مشورہ دیا۔

جبکہ انہوں نے کہا کہ وہ جانتے تھے کہ اب ہولی وڈ کے پاس نئی فلمیں بنانے کے خیالات ختم ہوچکے ہیں۔

انہوں نے ڈزنی سے سوال کیا کہ ایک یادگار فلم کو تباہ کرکے کیا ملے گا؟

یاد رہے کہ 1990 میں سامنے آئی فلم ’ہوم الون‘ ایک ایسے چلبلے اور شرارتی بچے کی کہانی ہے جو کرسمس کے موقع پر دعا مانگتا ہے کہ اس کی فیملی غائب ہوجائے۔

جہاں اسے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اس کی دعا قبول ہوگئی وہیں دراصل اس کا خاندان کرسمس کی چھٹیاں منانے پیرس روانہ ہورہا ہوتا ہے جو اس دوران 10سالہ شرارتی بچے کو گھر ہی بھول جاتے ہیں۔

اس فلم کی کامیاب نے ہولی وڈ اداکار میکولی کلکن کو اسٹار بنادیا تھا جنہوں نے فلم میں مرکزی کردار نبھایا۔

اس فلم کے تین سیکوئل بھی سامنے آئے جن میں سے دوسرے میں اوریجنل کاسٹ کو ہی حصہ بنایا گیا جبکہ تیسرے اور چوتھے سیکوئل میں بالکل نئے اداکار کاسٹ ہوئے۔

یاد رہے کہ ہوم الون کی پوری کہانی اس خیال پر مبنی تھی کہ والدین اپنے بچے کو گھر میں اکیلا چھوڑ کر چلے گئے، جس کے بعد اسے چوروں کا اکیلے سامنا کرنا پڑا۔

ماضی میں اس قسم کی فلم تو باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوگئی تاہم اب مداح ڈزنی سے یہی سوال کررہے ہیں کہ اس جدید دور میں وہ ایک ایسی فلم کس طرح بنا سکتے ہیں جہاں ایک بچہ اکیلے رہ جانے پر باآسانی اپنے والدین سے رابطہ کرسکتا ہو۔

آخر میں ایک مداح نے ڈزنی سے یہ بھی سوال کرلیا کہ کیا اب مشہور زمانہ فلم ’ٹائٹینک‘ کا ریمیک بھی بنایا جائے گا؟

یاد رہے کہ حال ہی میں ڈزنی کی کامیاب کارٹون فلم ’دی لائن کنگ‘ کا ریمیک بھی ریلیز ہوا تھا جسے تجزیہ کاروں اور مداحوں کا ملا جلا ردعمل موصول ہوا۔

متعلقہ خبریں