Daily Mashriq


کراچی تجاوزات آپریشن پر وسیم اختر اور فاروق ستار آمنے سامنے

کراچی تجاوزات آپریشن پر وسیم اختر اور فاروق ستار آمنے سامنے

ویب ڈیسک:کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن پر میئر کراچی وسیم اختر اور فاروق ستار آمنے سامنے آگئے۔

مقدمات کی سماعت کے لیے کراچی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے سابق رہنما فاروق ستار نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے نام پر اور سپریم کورٹ کے احکامات کے آڑ میں لوگوں کو بے روزگار کیا جارہا ہے، وسیم اختر آپ کو کراچی بنانے کا ووٹ ملا تھا برباد کرنے کا نہیں، اب آؤ ووٹ لیکر دکھاؤ کراچی سے، اب عوام انہیں ووٹ نہیں دیں گے۔

فاروق ستار نے کہا کہ عوام سے کاروبار چھینا جارہا ہے، 5 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں، لوگوں کو بیروزگار کرکے جرائم کو بڑھایا جارہا ہے، چیف جسٹس سے اپیل کرتا ہوں کہ متاثرین سے ملیں اور دیکھیں کہ ان کے حکم کے آڑ میں کیا کیا جارہا ہے، بغیر متبادل دیے رہائشی علاقوں سے اسکول خالی کرائے جارہے ہیں، کے ایم سی کے دستاویزات کے مطابق کرایہ داروں کو متبادل دینا چاہیے۔

دوسری جانب وسیم اختر نے فاروق ستار کے لفظی تیروں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھے تو یہ بھی نہیں پتا فاروق ستار کونسی جماعت میں ہیں، دکانیں وہ توڑی گئیں جو کے ایم سی نے رینٹ پر دی تھی، اب سپریم کورٹ کو ہی فیصلہ کرنا ہے کہ تجاوزات کے حوالے سے مزید کیا کرنا ہے، 12 مئی کیس میں سب ملزمان نے عدالت سے کہا کہ ہمیں جج پر اعتماد نہیں لیکن پھر بھی فردِ جرم عائد کردی گئی۔

اس موقع پر عامر خان نے کہا کہ فاروق ستار کیلئے میں دعاگو ہوں، اللہ تعالی ان کو ہدایت دے، وہ اب ایم کیو ایم کا حصہ نہیں، ان کی کسی بھی بات کا جواب نہیں دیں گے، انہیں چاہیے کہ وہ اب ایم کیو ایم کا نام اور جھنڈا استعمال کرنا بند کردیں، دکانیں سندھ حکومت کی وجہ سے توڑی گئیں، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور کے ڈے اے سندھ حکومت کے ماتحت ہیں۔

متعلقہ خبریں