Daily Mashriq


سندھ: ریاستِ خیر پور کی آخری شہزادی انتقال کرگئیں

سندھ: ریاستِ خیر پور کی آخری شہزادی انتقال کرگئیں

پاکستان بننے سے قبل خیر پور ریاست کے آخری شہزادے کی اہلیہ سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) میں طویل علالت کے بعد انتقال کرگئیں۔

ہسپتال کے ترجمان ڈاکٹر بخش علی کا کہنا تھا کہ شہزادہ میر علی مراد خان تالپور(دوئم) کی اہلیہ عالیہ تالپور کو 3 ہفتے قبل ایس آئی یو ٹی میں ایڈمٹ کیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ گردوں کے امراض کی وجہ سے ’شہزادی 10 سال سے ڈائیلیسز پر تھیں‘۔

خیال رہے کہ شہزادی نامور مذہبی رہنما علامہ رشید ترابی کی صاحبزادی تھیں۔انہوں نے اپنے سوگواران میں 2 بیٹے، میر عباس رضا خان تالپور اور میر مہدی رضا خان تالپور سمیت ایک بیٹی کو چھوڑا ہے۔شاہی خاندان پر ڈرامہ اور ڈاکومینٹری بنانے والے معروف لکھاری اور صحافی ممتاز بخاری کا کہنا تھا کہ وہ اپنی زندگی میں خدمت خلق اور خیر پور کے نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ میں کوشاں تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مرحومہ شہزادی نے کوٹ ڈیجی میں اپنی رہائش گاہ کے قریب علاقہ مکینوں کے لیے ایک اسکول کی عمارت بھی وقف کر رکھی تھی جس کی وہ ملکیت برقرار رکھنے کے لیے صرف ایک روپے ماہانہ کرایہ وصول کرتی تھیں۔

متعلقہ خبریں