Daily Mashriq


وزیر اعظم 10 فروری کو ایک روزہ دورے پر دبئی روانہ ہوں گے

وزیر اعظم 10 فروری کو ایک روزہ دورے پر دبئی روانہ ہوں گے

عمران خان یہ دورہ دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد المکتوم کی دعوت پر کریں گے۔

وزیر اعظم کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عمران خان، ساتویں عالمی حکومتی کانفرنس میں مدعو ہیں جہاں وہ اہم خطاب کریں گے جس میں وہ مضبوط اور خوشحال پاکستان کے لیے اپنا ویژن پیش کریں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ عمران خان، پاکستانی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی بھی کریں گے۔

ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم کی سربراہ اجلاس میں شرکت علم پر مبنی معیشت، مصنوعی ذہانت، ترقی اور شرح نمو کے حصول کے لیے جدت کی اہمیت کے حوالے سے پاکستان کی دلچسپی ظاہر کرتی ہے۔

اپنے ایک روزہ دورے کے دوران وزیر اعظم، متحدہ عرب امارات کی قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر بحری امور اور مشیر برائے تجارت بھی اس دورے میں وزیر اعظم کے ہمراہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد نومبر میں بھی متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا۔

وزیر اعظم نے اماراتی ہم منصب شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات کی تھی جو وزیر اعظم کا منصب سنبھالنے کے بعد عمران خان کی دبئی کے حکمراں سے پہلی ملاقات تھی۔

 ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور اہم عالمی اور علاقائی مسائل بھی زیر بحث آئے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ،وزیرخزانہ اسد عمر، وزیر پیٹرولیم غلام سرور اور مشیر تجارت بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

عمران خان سے ان کے اس دورے کے دوران متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمدبن زید بن سلطان النہیان نے بھی ملاقات کی تھی، جس میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دسمبر میں متحدہ عرب امارات نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) میں 3 ارب امریکی ڈالر جمع کروانے کی کا اعلان کیا۔

ابوظہبی فنڈز برائے ترقیاتی امور کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ یہ رقم آئندہ چند روز کے اندر اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع کروائیں گے تاکہ پاکستان کے مرکزی بینک میں غیر ملکی ذرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھایا جاسکے۔

اماراتی نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ یو اے ای کی جانب سے پاکستان کی مانیٹری پالیسی میں مدد دونوں ممالک اور ان کے عوام کے درمیان تاریخی تعلقات کی بنیاد پر کی جارہی ہے۔

بعد ازاں جنوری میں اماراتی ولی عہد اپنے مختصر دورے پر پاکستان پہنچے جہاں انہوں نے وزیرِاعظم عمران خان سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اماراتی ولی عہد نور خان ائیربیس پر پہنچے تو وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر اعلیٰ حکومتی شخصیات اور اعلیٰ سول اور ملٹری عہدیداران نے ان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا۔

متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کی وزیراعظم عمران خان سے ون آن ون ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے۔

متعلقہ خبریں