Daily Mashriq

وزیراعظم کی زیرصدارت سول سروس ریفارمز ٹاسک فورس کا اجلاس

وزیراعظم کی زیرصدارت سول سروس ریفارمز ٹاسک فورس کا اجلاس

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نیک نیتی کے ساتھ اصلاحات کا ایجنڈا لائی ہے اور ہم عوامی فلاح وبہبود کی خاطر نظام میں بہتری لانے کےخواہشمند ہیں۔

وزیراعظم کی زیرصدارت سول سروس ریفارمز ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 60اور 70کی دہائی میں پاکستان کی سول سروس سب سے بہترین تھی اور خطے کے دیگر ممالک ہم سے سیکھنے آتے تھے تاہم بدقسمتی سے سیاسی مداخلت سےسول سروس کا زوال شروع ہوا۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ دُنیا کے تمام ترقی یافتہ ملکوں میں ایک ہی قدر مشترک ہے کہ وہاں ماہر افراد کی میرٹ پر بھرتی کیاجاتا ہے۔انہوں نےکہاکہ احتساب اور میرٹ ہی نظام میں بہتری لانے کے اصول ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ ہماری حکومت کا مشن ہے کہ بیوروکریسی کو سیاسی مداخلت سے بچایا جائے اور ہر تقرری صرف میرٹ پرہو۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ہماری حکومت سروس کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلیاں کرکےگورننس میں بہتری لائی ہے۔

عمران خان نےکہاکہ سول سرونٹس کو بے جا تنگ کرنے سے کام رک جاتا ہے،حکومت کسی بھی عہدے پر مدت ملازمت کو تحفظ فراہم کرے گی تاکہ کارکردگی میں تسلسل قائم رہے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ سرکار کے زیر انتظام اداروں اور کمپنیوں کے بورڈزمیں اچھی شہرت اور اہل افراد کو شامل کیا جارہا ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات اور سروسز مہیا کی جاسکیں ۔انہوں نے کہاکہ اسپیشلائزیشن کا دور ہے ، ہر شعبے میں ماہر افراد ہی کام کرسکتے ہیں تعلیم اورصحت کے شعبے سب سے زیادہ اہمیت کے حامل ہیں ۔ وزیراعظم نے کہاکہ لوکل گورنمنٹ کا ایسا ماڈل لا رہے ہیں جس میں مقامی نمائندے عوامی فلاح و بہبود میں بھرپور کردار ادا کرسکیں۔انہوں نے کہاکہ سیاست دانوں کی ٹریننگ کی بھی ضروری ہے تاکہ سول سروس کو سیاسی مداخلت سے بچایا جائے اور بیوروکریٹ بلا خوف و خطر اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے سکیں۔

متعلقہ خبریں