جنرل(ر) راحیل شریف کا اعزاز

جنرل(ر) راحیل شریف کا اعزاز

حال ہی میں سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل(ر) راحیل شریف کا 39ممالک کے ا سلامی فوجی اتحاد کا سربراہ ہونا یقینا ایک بڑا اعزاز ہے اور اس اتحاد کی تشکیل کے بعد اس کا پہلا سر براہ ایک پاکستانی جرنیل کا ہونا بھی کوئی کم اعزاز نہیں۔ جنرل راحیل شریف کے فوج سے سبکدوش ہونے اور نئے عہدے پر تقرری کا دورانیہ لگ بھگ ایک ماہ ہے۔ ایک نہایت اہم اور حساس عہدے پر تعینات شخصیت کو اس کے لئے حکومتی اور عسکری قیادت سے اجازت ملنا ایک ایسے اعتماد کا مظہر ہے جس کی توقع ایک ایسی شخصیت ہی سے ہوسکتی ہے جس پر قوم کاغیر متزلزل اعتماد ہو۔ جنرل(ر) راحیل شریف کا بے داغ ماضی اور ان کے شاندار کردار کی پوری قوم معترف ہے اور یہ جہاں قوم کے لئے اطمینان اور اعزاز کا لمحہ ہے وہاں یہ ایک مثال ہے جسے نظیر کے طور پر پیش کیاجاسکتا ہے کہ جو لوگ اپنے ملک و قوم کی خلوص نیت اور اخلاص کے ساتھ خدمت کرتے ہیں قدرت ان کو محروم نہیں کرتی۔ جنرل(ر) راحیل شریف کی نئے عہدے پر تقرری اس امر کا ٹھوس ثبوت ہے۔

اداریہ