Daily Mashriq


ووکیشنل سنٹروں کے ملازمین کی ملازمتوں کو تحفظ دیا جائے

ووکیشنل سنٹروں کے ملازمین کی ملازمتوں کو تحفظ دیا جائے

گورنمنٹ ٹیکنیکل ووکیشنل سنٹرز کے ملازمین فنی اداروں کو شاہین سسٹم آف ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوشنز کے حوالے کرنے پر احتجاج کر رہے ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ متعلقہ حکام ان سنٹروں کو چلانے میں ناکام ہوچکے ہیں جبکہ دوسری جانب شاہین سسٹم آف ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوشنز کاموقف ہے کہ صوبے کے ووکیشنل سنٹرز بھوت بنگلوں میں تبدیل ہو چکے تھے۔ شاہین سسٹم نے صوبائی حکومت کی درخواست پر فنی مراکز کو فعال بنایا۔ اعداد و شمار کی روشنی میں اپنی تحویل کے بعد فنی مراکز سے فارغ التحصیل طلبہ اور ان کے روزگار کے جو اعداد و شمار شاہین سسٹم نے جاری کئے ہیں ان کی روشنی میں کسی طور اس الزام کو قبول نہیں کیا جاسکتا کہ ان مراکز کو ایسے ہاتھوں میں دیاگیا ہو جو اس کا انتظام و انصرام نہ سنبھال سکتے ہوں۔ ائیر فورس کے ذیلی ادارہ ہونے کی بناء پر شاہین سسٹم ایک مستند اور کامیاب ادارہ قرار دیا جاسکتاہے جو مختلف نوعیت کے تعلیمی و دیگر ادارے کامیابی سے چلانے کی شہرت کاحامل ہے۔ البتہ گورنمنٹ ووکیشنل سنٹرز کی شاہین سسٹم کے حوالے سے متاثر ہ سرکاری ملازمین کی ملازمتوں کو متاثر نہیں ہونا چاہئے ان کی ملازمتوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے تو ان کے پاس احتجاج کا جواز باقی نہیں رہے گا۔

متعلقہ خبریں