Daily Mashriq

ایران میں مسافر طیارہ گر کر تباہ، 170افراد ہلاک

ایران میں مسافر طیارہ گر کر تباہ، 170افراد ہلاک

تہران کے امام خمینی ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے والا یوکرینی مسافر طیارہ تکنیکی خرابی کے باچ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام ایک سو 70 افراد ہلاک ہوگئے۔

امریکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے ایرانی عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ طیارہ ایرانی دارالحکومت کے باہر ذرعی زمین پر گر کر تباہ ہوا، امدادی کارکنان جائے وقوع سے لاشیں نکالنے کی کوشش کررہے ہیں‘۔

ایران کی نیم سرکاری خبررساں ادارے اسنا کے مطابق ہلاک احمر کے ایک رضاکار نے بتایا کہ طیارے میں 170 مسافر سوار تھے ’یہ واضح ہے کہ پرواز پی ایس-752 پر سوار کسی بھی مسافر کا بچنا ناممکن ہے‘۔

سول ایوی ایشن کے ترجمان رضا جعفرزادہ کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے جائے حادثہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے تاہم ایئرپورٹ حکام نے حادثے کو تکنیکی خرابی کا نتیجہ قرار دیا۔

ایئر پورٹ کے فلائٹ دیٹا کے مطابق یوکرینین انٹرنیشنل ایئرلائنز کی پرواز 737-800 نے بدھ کے روز اڑان بھرنے کے تقریباً فوراً بعد ہی ڈیٹا بھیجنا بند کردیا تھا۔

ایران کے سرکاری خبررساں ادارے ارنا کے مطابق بدقسمت طیارہ تہران سے یوکرین کے دارالحکومت کیو جارہا تھا۔

واضح رہے کہ بوئنگ 737-800 2 انجن والا عام طیارہ ہے جو مختصر یا درمیانے فاصلے کی پروازوں کے لیےاستعمال ہوتا ہے، دنیا بھر کی ایئر لائنز 90 کی دہائی میں متعارف کروائے گئے اس طیارے کو ہزاروں کی تعداد میں استعمال کرتی ہیں۔

یہ بوئنگ 737 میکس سے پرانا طیارہ ہے جسے ایک خطرناک حادثے کے بعد 10 ماہ قبل گراؤنڈ کردیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں