Daily Mashriq

 عابدہ پروین کے صوفی موسیقی کے نئے منصوبے ’بزم رنگ‘ کا آغاز

عابدہ پروین کے صوفی موسیقی کے نئے منصوبے ’بزم رنگ‘ کا آغاز

شہرت یافتہ مایہ ناز صوفی گلوکارہ عابدہ پروین نے ملک کے دیگر نامور گلوکاروں کے ساتھ صوفی موسیقی کے نئے منصوبے ’بزم رنگ‘ کا آغاز کردیا اور نئے منصوبے کے تحت جاری کیے گئے پہلے ہی گانے نے دھوم مچادی۔

’بزم رنگ‘ کو عابدہ پروین کے بیٹے سارنگ لطیف نے پروڈیوس کیا ہے اور اس موسیقی کے منصوبے کے تحت متعدد گانے ریلیز کیے جائیں گے۔

’بزم رنگ‘ کی پہلی قسط میں عابدہ پروین اور عاطف اسلم کا گانا ’پردہ داری‘ عیدالفطر کے موقع پر ریلیز کیا گیا، جسے اب تک یوٹیوب پر 11 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔

’بزم رنگ‘ کو کسی ٹی وی چینل کے بجائے آن لائن ریلیز کیا جائے گا اور موسیقی کے دلدادہ افراد عابدہ پروین اور دیگر گلوکاروں کے گانوں کو ’یوٹیوب‘ سمیت دیگر آن لائن پلیٹ فارمز پر دیکھ سکیں گے۔

نئے منصوبے کے حوالے عابدہ پروین کے بیٹے سارنگ لطیف نے ’ڈان امیجز‘ کو بتایا کہ وہ گذشتہ 5 سال سے اس منصوبے کو شروع کرنے سے متعلق منصوبہ بندی کر رہے تھے، تاہم مختلف وجوہات کی بناء پر اسے شروع نہیں کیا جا سکا۔

ان کے مطابق ’بزم رنگ‘ کا اصل آئڈیا بھی ان کی والدہ کا ہے اور اس صوفی موسیقی کے نئے منصوبے کے تحت عابدہ پروین ملک کے دیگر معروف گلوکاروں کے ساتھ صوفی گانے گاتی دکھائی دیں گی۔

سارنگ لطیف کا کہنا تھا کہ ’بزم رنگ‘ کی آنے والی قسطوں میں عابدہ پروین کے ساتھ راحت فتح علی خان، وقار احسان، جابر عباس، خرم وقار، قاسم اظہر اور خماج بینڈ سمیت دیگر گلوکار اور بینڈ پرفارمنس کرتے دکھائی دیں گے۔

پروڈیوسر نے بتایا کہ ’بزم رنگ‘ کی پہلی قسط میں 10 گانے شامل ہیں اور جلد ہی دیگر گانوں کو بھی ریلیز کیا جائے گا جب کہ آئندہ وقت میں ’بزم رنگ‘ کی دیگر قسطیں بھی نشر کی جائیں گی۔

صوفی گلوکارہ کے بیٹے کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ نے اب تک 138 میوزک ایلبم ریلیز کیے ہیں اور انہوں نے درجنوں گانوں کی موسیقی خود ترتیب دے کر عالمی ریکارڈ بھی بنا رکھا ہے۔

سارنگ لطیف کے مطابق ان کی والدہ خاص طرح کی شاعری کو منتخب کرتی ہیں اور وہ زیادہ تر بابا بلھے شاہ، شاہ عبدالطیف بھٹائی، بادام شاہ وارثی، شاہ نیاز بہلوی، بابا ذہین شاہ تاجی، امیر خسرو، مولانا رومی، معین الدین چشتی، فیض احمد فیض، گلزار صاحب، مرزا غالب اور صابر ظفر جیسے قدر آور شاعروں کو گاتی ہیں۔

متعلقہ خبریں