Daily Mashriq

وزیر اعظم کی خواتین کو محفوظ ماحول دینے کی یقین دہانی

وزیر اعظم کی خواتین کو محفوظ ماحول دینے کی یقین دہانی

وزیر اعظم عمران خان نے خواتین کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کی حکومت خواتین کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہے تاکہ وہ ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم خواتین کو قومی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے لیے محفوظ اور بہتر ماحول فراہم کرنے کے وعدے کی دوبارہ یقین دہانی کراتے ہیں‘۔

انہوں نے مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کو قائد اعظم کی پاکستان کے لیے جدو جہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے پر خراج تحسین بھی پیش کیا۔قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ترقی پسند معاشرے کی تشکیل کے لیے خواتین کے حقوق کا تحفظ ناگزیر ہے، خواتین کو ہر شعبے میں یکساں مواقع فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ ’دنیا بھر میں خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک اور ان کو جبر و تشد کا نشانہ بنانے کے معاملے پر عالمی برادری کو خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’خواتین کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے قانون سازی کے ذریعے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’اسلام خواتین کو مساوی حقوق اور احترام دیتا ہے اور صنفی امتیاز کی سختی سے ممانعت کرتا ہے‘۔

خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’ہماری خواتین اپنے اہلخانہ، برادری اور ملک کو مظبوط بنانے میں مثالی کردار ادا کر رہی ہیں‘۔

ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کی خواتین بہت آگے نکل چکی ہیں تاہم اب بھی بہت کام کرنا باقی ہے اور اس کے لیے مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور حکومت میں خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے بڑے بڑی اصلاحات متعارف کرائی تھیں‘۔

وزیر خزانہ اسد عمر نے بھی خواتین کے عالمی دن پر پیغام جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’جیسا ہم چاہتے ہیں پاکستان ویسا کامیاب اور پر امن ملک تب تک نہیں بن سکتا جب تک اس میں خواتین جو ملک کا آدھا حصہ ہیں، کو اپنی زندگی پوری طرح سے جینے کا حق حاصل نہ ہو‘۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خواتین کے عالمی دن پر سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ’بینظیر بھٹو مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم تھیں جنہوں نے انتہا پسندی، آمریت اور فرسودہ نظام کے خلاف جدوجہد کی، ہم پاکستان کو ترقی پسند، فیمینسٹ پاکستان اور ان کی یاد میں بینظیر کا پاکستان بنائیں گے‘۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹر پر آرمی چیف کا بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’یونیفارم پہنی اپنے فرائض سر انجام دینے والی خواتین، گھر کے کام کاج سنبھالنے والی خواتین اور بالخصوص شہیدوں کے اہلخانہ کی خواتین گرانقدر ہیں‘۔

متعلقہ خبریں