Daily Mashriq

وزیر اعظم کی داتا دربار دھماکے کی شدید مذمت، واقعے کی رپورٹ طلب

وزیر اعظم کی داتا دربار دھماکے کی شدید مذمت، واقعے کی رپورٹ طلب

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے داتادربارلاہور میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

وزیراعظم عمران خان نےلاہور میں  داتا دربارکے قریب ایلیٹ فورس کی گاڑی پر دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعظم نے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے جب کہ غم زدہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔

دوسری جانب چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سمیت متعددسیاسی رہنماؤں نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، بلاول بھٹو  نے دھماکے میں قیمتی جانوں کے زیاں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ داتا دربار دھماکے میں ملوث درندوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے،مقدس مہینے کے دوران لوگوں کا خون بہانے والے شیطانیت کے پیروکار ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے دھماکے کے شہید اہلکاروں کے خاندانوں سے ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے کے زخمیوں کے لیے بہتر علاج معالجے کو یقینی بنایا جائے۔

معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بھی دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور اظہارتعزیت کیا اورکہا کہ مزاروں اورولیوں کی آرام گاہوں کو نشانہ بنانے والے اسلام اور پاکستان دشمن ہیں۔

واضح رہے کہ داتا دربار کے قریب پولیس کی گاڑی کے نزدیک دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 5 اہلکاروں سمیت 8 افراد شہید جب کہ 24 افراد زخمی ہوگئے۔

متعلقہ خبریں