Daily Mashriq


حکومت کا قرضے کیلئے آئی ایم ایف سے رابطے کا فیصلہ،وزیراعظم نے مذاکرات کی منظوری دے دی

حکومت کا قرضے کیلئے آئی ایم ایف سے رابطے کا فیصلہ،وزیراعظم نے مذاکرات کی منظوری دے دی

ویب ڈیسک:پاکستان کا آئی ایم ایف سے رجوع کرنے کا فیصلہ، آئی ایم ایف کو باقاعدہ درخواست دی جائے گی، حکومت آئی ایم ایف سے 6 سے 8 ارب ڈالر پروگرام پر بات چیت کرے گی۔

وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ ملک جن معاشی حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، معاشی بحالی آسان نہیں ایک مشکل چیلنج  ہے، عوام کو اس بات کا ادراک ہے کہ گزشتہ حکومت کیسے معاشی حالات چھوڑ کرگئی تھی، جیسے ہی ہم نے ملک کی باگ ڈور سنبھالی تو ترجیحی بنیاد پر فیصلہ کیا کہ ہمیں اس بحران سے نکلنے کے لیے بہترین راستہ اختیار کرنا ہے اور ایک سے زائد متبادل ذرائع تلاش کرنے ہیں۔

اسد عمر نے کہا کہ گزشتہ چند ہفتوں سے اسی سلسلے میں کام جاری تھا، پاکستان کے بہترین ماہرین معاشیات سمیت دوست ممالک سے بھی مشاورت کی گئی اور اب ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ہمیں آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کرنا چاہیے اور ایسا پروگرام ترتیب دیں کہ ملک کو معاشی بحرانوں سے نکال سکیں۔

 وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے اور وزیر اعظم عمران خان نے فوری مذاکرات کی منظوری دے دی ہے، مستقل بنیادوں پر معیشت میں بہتری لاکر ملکی استحکام اور روزگار کی فراہمی معاشی ترجیحات میں شامل ہیں، بحالی کا ایسا پروگرام چاہتے ہیں جس سے کمزور طبقے پر کم اثر پڑے۔

متعلقہ خبریں