Daily Mashriq

خیبر میں منشیات کیخلاف گرینڈ آپریشن کیا جائے گا، کریم خان

خیبر میں منشیات کیخلاف گرینڈ آپریشن کیا جائے گا، کریم خان

پشاور(کرائمزرپورٹر)کیپیٹل سٹی پشاور کے پولیس چیف کریم خان نے کہا ہے کہ سیکورٹی اداروں اور عوام کی بے مثال قربانیوں کے نتیجہ میں خیبرپختونخوا اور ضمہونے والے اضلاع میں امن و سکون لوٹ آیا ہے اور عوام کے بھرپور تعاون سے کسی بھی قیمت پر کسی شرپسند کو یہاں کی پرامن فضا سبوتا ژ کرنے نہیں دیا جائیگا انہوں نے واضح کیا کہ چیک پوسٹوں پر رشوت ستانی اور عوام کو بے جا تنگ کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائیگی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کے روز جمرود پریس کلب ضلع خیبر میں صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کے دوران کیا ۔ کریم خان نے ضلع خیبر میں منشیات کے خلاف گرینڈ آپریشن کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس صوبہ کے طول و عرض میں امن و امان برقرار رکھنے اور جرائم کے خاتمہ کے لئے انسپکٹر جنرل خیبر پختونخوا پولیس ڈاکٹر محمد نعیم خان کی کمانڈ میں اپنی تمام تر صلاحیتیں اور توانائیاں بروئے کار لا رہی ہے اور ہمیں یقین ہے کہ اس قومی فریضہ کی ادائیگی میں دیگر شعبہ ہائے زندگی کی طرح ہمیں ضم شدہ اضلاع کے صحافی بھائیوں کی رہنمائی اور تعاون حاصل رہے گا۔ سی سی پی او نے مزید کہا کہ چیک پوسٹوں پر رشوت ستانی اور عوام کو بے جا تنگ کرنے کا سلسلہ روکنے کی خاطر زیرو ٹالرینس پالیسی اختیار کی گئی ہے جس پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے، اس کے ساتھ ساتھ آئس سمیت تمام منشیات اور دیگر ممنوعہ اشیاء کی سمگلنگ کو آہنی ہاتھوں سے روکا جارہا ہے کیونکہ منشیات جہاں ہماری نوجوان نسل کی تباہی کا باعث بن رہی ہیں وہاں سمگلنگ ہماری قومی معیشت کے لئے زہر قاتل ہے سی سی پی او نے واضح کیا قبائلی صحافیوں نے امن کے قیام کی خاطر جانوں کے نذرانے پیش کرتے ہوئے فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ رہ کر ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا، انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور صحافیوں کا چولی دامن کا ساتھ ہے

متعلقہ خبریں