Daily Mashriq

رمضان شوگر ملز ریفرنس: شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد

رمضان شوگر ملز ریفرنس: شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد

لاہور کی احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کردی۔

احتساب عدالت کے جج نجم الحسن نے آشیانہ اقبال اور رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت کی، اس دوران دونوں ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

واضح رہے کہ عدالت نے رمضان شوگر ملز میں نامزد ملزم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو طلب کیا تھا۔

سماعت کے دوران نیب وکیل کی جانب سے کہا گیا کہ آج رمضان شوگر ملز ریفرنس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد ہونا ہے، اس پر جج نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ رمضان شوگر ملز ریفرنس کیا ہے؟

اس پر نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے کہا کہ رمضان شوگر مل کے نالے بنانے میں عوام کا پیسہ استعمال کیا گیا۔

جس پر کمرہ عدالت میں موجود شہباز شریف نے کہا کہ نیب نے غلط کیس بنائے ہیں، اس پر جج نے کہا کہ آپ انتظار کریں اپنی باری پر ضرور بولیے گا۔

تاہم شہباز شریف نے مزید کہا کہ 10 برس میں خدا جانتا ہے کہ 23سو ارب روپے بچائے ہیں، میں نے اس نالے میں کچھ نہیں کیا نہ کوئی غلط پیسہ استعمال ہوا۔

بعد ازاں عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کردی، تاہم دونوں ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

متعلقہ خبریں