Daily Mashriq


اخلاق کا اعلیٰ معیار

اخلاق کا اعلیٰ معیار

زندگی گزرتی ہے اور گزررہی ہے یہ ریشم و اطلس و کمخواب پر بھی گزاری جاتی ہے اور ٹاٹ کے بوریے پر بھی گزرجاتی ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ زندگی اچھے انداز سے گزاری جائے اسے اچھے طریقے سے گزارنے کی کوشش کی جائے تو بہتر ہے۔ یہ ایک مہلت ہے ایک انعام ہے اس کی قدر کی جانی چاہیے۔ دنیا کے چند روزہ قیام کی اہمیت اس لیے بھی بہت زیادہ ہے کہ آخرت کا دارومدار بھی اسی زندگی کے اعمال پر ہے۔ دنیا میںحضرت انسان کو جو وقت ملا ہے اس حوالے سے باتیں تو بہت ہیں حقوق اللہ بھی ہیں اور حقوق العباد بھی سب کی اپنی اپنی اہمیت ہے۔ یہ تو پل صراط کا سفر ہے ذرا سی نظر چوکی اور بندہ تحت الثریٰ میں پہنچ گیا یہاں عمر بھر کی عبادتیں رائیگاں بھی چلی جاتی ہیں اور بظاہر چھوٹا نظر آنے والا عمل انسان کی بخشش کا سامان بھی بن جاتا ہے اس وقت جو بات ذہن میں آرہی ہے وہ یہ ہے کہ اخلاق کے اعلیٰ معیار کو حاصل کرنے کی کوشش کی جائے۔ سینے پر ہاتھ رکھ کر بات کرنے کو اعلیٰ اخلاق نہیں کہتے صرف مسکرانا بھی اعلیٰ اخلاق نہیں ہے۔ اعلیٰ اخلاق کے کچھ تقاضے ہوتے ہیں اعلیٰ اخلاق یہ ہے کہ وعدہ کرے تو وفا کرے بات کرے تو سچ بولے زبان کا استعمال احتیاط سے کرے غرور سے بچے ہر انسان کو اپنے سے بہتر سمجھے اپنی سوچ کو مثبت رکھے لوگوں کی اچھائیاں مدنظر رہیں اور اپنی خامیوں پر نظر رکھنی چاہیے جب اپنے آپ پر نظر نہیں پڑتی اپنے من ۔میں غوطہ لگانے کا موقع نہیں ملتا تو دوسروں کے عیب خوب نظر آتے ہیں او ر جب اپنی خامیوں پر دیانت داری سے نظر ڈال لی جائے اپنے آپ کو پہچان لیا جائے تو پھر نگاہوں میں کوئی انسان بھی برا نہیں رہتا اس لیے اپنے گریبان میں بھی جھانکتے رہنا چاہیے۔ غیبت سے پرہیز بھی اچھے اخلاق میں شامل ہے احترام آدمیت بہت ضروری ہے مہمان نوازی مہمان کی تکریم بہت ضروری ہے۔ قول و فعل میں تضاد کا نہ ہونا اچھے اخلاق کا اہم حصہ ہے جو دل میں ہو وہی زبان پر بھی ہونا چاہیے اور پھر سب سے بڑھ کر معاملات ہیں۔ دیانت داری ،صداقت، ایفائے عہد ! ساکھ بڑی مشکل سے بنتی ہے اور اگر ساکھ خراب ہوجائے تو پھر کسی صورت نہیں بنتی !ایک دوست نے شہر کے پوش علاقے میں بڑا خوبصورت گھر تعمیر کیا جب گھر کی تعمیر مکمل ہوگئی تو بیگم صاحبہ اور بچے بہت خوش تھے انسان یکسانیت سے اکتا بھی جاتا ہے نئے گھر میں منتقل ہونے کی بڑی خوشی ہوتی ہے اس تبدیلی پر چھوٹے بڑے سب خوش ہوتے ہیں جب سامان باندھا جانے لگا تو ہمارے دوست کی والدہ محترمہ اچانک اداس ہوگئیں بیٹے نے دل گرفتگی کی وجہ پوچھی تو ماں جی کہنے لگیں بیٹامیرے سب بچے بہن بھائی یہاں میرے قریب ہیں جس سے دل چاہتا ہے میں چند قدموں کا فاصلہ طے کرکے مل لیتی ہوں اب آپ کا نیا گھر کافی دور ہے آپ کو نیا گھر مبارک ہو لیکن میں اپنے آبائی گھر کو نہیں چھوڑ سکتی آپ میری فکر نہ کیجیے میں خوش ہوں آپ نئے گھر منتقل ہوجائیے ۔فرمانبردار بیٹا ماں کی باتیں سن کر مسکراتے ہوئے کہنے لگا ماں جی ہمیں نئے گھر سے پیار تو ہے لیکن آپ ہمیں زیادہ پیاری ہیں ہم آپ کو نہیں چھوڑ سکتے ۔بیٹے نے نئے گھر جانے کا خیال ترک کردیااب تک کتنے ہی لوگ ایسے ہیں جو اپنے بوڑھے والدین کو اولڈ ایج ہومز میں منتقل کرچکے ہیں انہوں نے جن بچوں کے لیے رات دن محنت کی انہیں اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے ہر نعمت مہیا کی ان کے لیے جھوٹ سچ بولا حلا ل حرام کی تمیز نہیں کی انہیں کمزور پودے سے ایک تناور درخت بنادیا اور جب وہ بوڑھے والدین کو سایہ دینے کے قابل ہوئے جب والدین کے اعضاء کمزور ہوگئے وہ زندگی کے تلخ حقائق کا مقابلہ کرنے کے قابل نہیں رہے تو انہیں اولڈ ایج ہوم میں منتقل کردیا گیا۔ ایک دوسرا واقعہ بھی ایک دوست کا ہے پڑھی لکھی بیوی نے ایم ایس کرلیا تو پی ایچ ڈی کرنے کا خیال آیا شوہر پہلے ہی ایم ایس کرچکا تھا اس نے اپنے جیون ساتھی کو مشورہ دیا کہ آج کے دور میں جتنی تعلیم بھی حاصل کی جائے کم ہے آج کل ایم ایس کو کون پوچھتاہے کسی زمانے میں ماسٹر ڈگری حاصل کرنا بھی بڑی بات ہوتی تھی لیکن آج کل بغیر پی ایچ ڈی کیے بات نہیں بنتی اس لیے بہتر یہی ہوگا کہ دونوں باہر جاکر پی ایچ ڈی کرتے ہیں باوفا بیٹے نے ایک ہی جملے میں بات ختم کرتے ہوئے کہا میں اپنے بوڑھے باپ کو چھوڑ کر باہر نہیں جاسکتا ایم ایس اس پی ایچ ڈی سے بہتر ہے جس میں باپ کی صحبت میں بیٹھنے اور اس کی خدمت کرنے کا موقع ملے۔ہم سمجھتے ہیں یہ اعلیٰ اخلاق کی ایک شاندار مثال ہے ۔گھر سے باہر آپ سب لوگوں سے ہنس ہنس کر خوش اخلاقی سے ملیں لیکن گھر میں بوڑھے والدین کے لیے آپ کے پاس دو منٹ بیٹھنے کا وقت بھی نہ ہو تو یہ اخلاق نہیں ہے ! یہ کم ظرفی ہے بد بختی ہے گھٹیا پن ہے !سیانے کہتے ہیں کہ اگر کسی انسان کی اصلیت جاننے کا شوق ہو تو یہ دیکھیے کہ اس کا سلوک اپنے محسن کے ساتھ کیسا ہے جو اپنے محسن کے ساتھ اچھا سلوک روا نہیں رکھ سکتا اس نے کسی اور کے ساتھ کیا سلوک کرنا ہے۔

متعلقہ خبریں